صوبہ سندھ میں لسانی بنیادوں پر سازش پھیلانے والوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، سعید غنی

نوڈیرو میں شہید ہونے والے تین مزدوروں کی شہادت پر سیاست کرنے والے دراصل اس صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں،سندھی اور یہاں رہنے والی تمام قومیتیں ہمیشہ اس صوبے میں بھائی چارگی کے ساتھ رہ رہے ہیں، وزیر بلدیات سندھ کی گذری میں شہداء کے فاتحہ خوانی کے موقع پر بات چیت

اتوار 17 فروری 2019 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2019ء) وزیربلدیات سندھ سعیدغنی نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ میں لسانی بنیادوں پر سازش پھیلانے والوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ نوڈیرو میں شہید ہونے والے تین مزدوروں کی شہادت پر سیاست کرنے والے دراصل اس صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ سندھی اور یہاں رہنے والی تمام قومیتیں ہمیشہ اس صوبے میں بھائی چارگی کے ساتھ رہ رہے ہیں اور انشا اللہ آئندہ بھی اسی بھائی چارگی کے ساتھ اس صوبے کی ترقی اور اس کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز گزری کے علاقے میں باجوڑ قومی جرگہ کے سربراہ روح الامین اور دیگر رہنماں سے ملاقات اور نوڈیروں کے شہدا کی فاتحہ خوانی کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ، پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ساتھ کے جنرل سیکرٹری اور سٹی کونسل کراچی میں اپوزیشن لیڈر کرم اللہ وقاصی، شاجہاں خان جبکہ باجوڑ قومی جرگہ کے محمد جمیل، محمد جمال، عمر دراز، عبدالوہاب، حاجی ترخان، حاجی محبت خان، حاجی خائستہ خان، حاجی ادرک اور دیگر شامل تھے۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے شہدا کے لئے فاتحہ خوانی کی اور جرگہ کے عمائدین سے تعزیت کی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے باجوڑ قومی جرگہ کے سربراہ روح الامین نے کہا کہ اس سانحہ کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے حکومت سندھ اقدامات کررہی ہے لیکن ہمارا مطالبہ ہے کہ ان قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ باجوڑ کے لوگ صوبہ سندھ کو اپنی دھرتی تسلیم کرتے ہیں اور ہمارے آباو اجداد نے اس سرزمین کے لئے اپنی خدمات دی ہیں۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ باجوڑ کے لوگوں کی اس صوبے کے لئے کاوشوں کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت اس طرح کے واقعات کئے جارہے ہیں اور ان واقعات کے بعد ایک منظم گروہ اس صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کے لئے یہاں لسانی فسادات کی سازش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کسی بھی قومیت کا کسی دوسری قومیت کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں ہے لیکن اس سانحہ کی آڑ میں صوبہ سندھ میں سندھیوں اور دیگر قومیتوں میں نفرت کی آگ پھیلانے کی سازش کی جارہی ہے لیکن انشا اللہ باجوڑ کے باشعور عوام اور باشعور سندھی ان تمام سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ واحد صوبہ ہے، جس میں تمام قومیتوں اور زبانیں بولنے والوں کو مکمل آزادی ہے اور یہی آزادی کچھ وطن اور صوبے کے دشمنوں کو اچھی نہیں لگ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کبھی کراچی میں سندھ میں بسنے والی مختلف قومیتوں کے درمیان نفرتیں پھیلانے کی سازشیں کی گئی لیکن ہمارے محب وطن سندھیوں اوردیگر قومیتوں کے محب وطن پاکستانیوں نے ان تمام نفرت پھیلانے والی قوتوں کو ناکام کیا ہے اور انشا اللہ جلد ہی نوڈیروں کے سانحہ کے مجرمان اور اس کی پشت پناہی کرنے والوں کو یہ حکومت بے نقاب کرکے حقائق قوم کے سامنے لائے گی۔

اس موقع پر باجوڑ قومی جرگہ کے رہنماں نے صوبائی وزیر سعید غنی اور آنے والے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جس طرح قومی یکجہتی کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی اس صوبے اور ملک میں کام کررہی ہے ہم ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں