ریسٹورنٹ کی دیگوں سے پُرانی بریانی برآمد ہونے کا انکشاف

ہوٹل کے کچن میں ایگزاسٹ سسٹم بھی موجود نہیں ہے۔ ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی امجد لغاری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 22 فروری 2019 14:42

ریسٹورنٹ کی دیگوں سے پُرانی بریانی برآمد ہونے کا انکشاف
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 فروری 2019ء) : کراچی کے جس ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے سے پانچ بچوں کی ہلاکت ہوئی اس ریسٹورنٹ میں موجود دیگوں میں پُرانی بریانی ہونے کا انکشاف ہوا ہے تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل امجد لغاری نے اس حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جس ہوٹل کا کھانا کھانے کے بعد یہ ہلاکتیں ہوئی ہیں اس ریسٹورنٹ میں کارروائی کے دوران موجود دیگوں میں پُرانی بریانی برآمد ہوئی ۔

ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی امجد لغاری کا کہنا تھا کہ ہم نے اس بریانی کے نمونے جمع کر لیے ہیں۔ سندھ فوڈ اتھارٹی نے مذکورہ ہوٹل میں کارروائی کرتے ہوئے جو چیزیں دیکھی ہیں ان کی مینٹیننس بہتر نہیں تھی۔ اس ضمن میں اب تک 15 افراد زیر تفتیش ہیں، ہوٹل کے کچن میں ایگزاسٹ سسٹم تک موجود نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی کے تحت اب تک شہر کے 6 ہزار سے زائد ہوٹلوں کا معائنہ کیا جا چکا ہے۔

سندھ فوڈ اتھارٹی نے ہوٹل کے معائنے کے دوران مزید کئی مضر صحت اشیاء قبضے میں لیں جن میں ہوٹل کے اسٹور روم سے برآمد ہونے والا زائد المعیاد جوس، 3 درجن زائد المعیاد کولڈ ڈرنکس اور کھانوں میں استعمال ہونے والا ناقص تیل بھی شامل ہے۔ ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی امجد لغاری نے مزید کہا کہ ہوٹل سے کھانوں کے نمونے اور دیگر شواہد اکھٹے کر لیے ہیں اور اسے عارضی طور پر سیل کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ رات کراچی کے ہوٹل میں مضر صحت کھانا کھانے سے 5 بہن بھائی جاں بحق ہوگئے جب کہ والدین کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں والدہ کی حالت تشویشناک ہے۔ جاں بحق بچوں میں ڈیڑھ سال کا عبدالعلی، 4 سال کا عزیز فیصل، 6 سال کی عالیہ، 7سال کا توحید اور 9 سال کی صلویٰ شامل ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق متاثرہ فیملی نے گذشتہ شب کراچی کے ایک نجی ریسٹورنٹ سے کھانا کھایا تھا جس کے بعد ان کی حالت غیر ہو گئی اور موت واقع ہوئی۔

متاثرہ فیملی کا تعلق کوئٹہ سے ہے۔ متاثرہ فیملی مریض کو لے کر کراچی آئی تھی جہاں انہوں نے ایک مقامی ریسٹورنٹ سے کھانا کھایا تھا۔اس حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ مبینہ طور پر مضر صحت کھانا کھانے سے ہی والدہ کی حالت بھی غیر ہوئی جس کا نجی اسپتال میں علاج جاری ہے۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے بھی مضر صحت کھانا کھانے سے ہونے والی ہلاکتوں کا نوٹس لے لیا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں