زارا شیخ کی طویل عرصے بعد فلمی دنیا میں واپس آنے کی تیاری

فلم’ ’ہیر مان جا‘‘ میں ڈانس نمبرز کرنے جا رہی ہوں‘مجھے یہ کام بہت اچھا لگا‘اداکارہ رومانوی کامیڈی فلم’’ہیر مان جا‘‘ کو رواں برس عیدالاضحیٰ پرسینما گھروں کی زینت بنے گی

بدھ 20 مارچ 2019 11:05

زارا شیخ کی طویل عرصے بعد فلمی دنیا میں واپس آنے کی تیاری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) رومانوی ہسٹوریکل فلم ’تیرے پیار میں‘ کے ذریعے 2000 میں فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والی اداکارہ زارا شیخ طویل عرصے بعد واپس فلمی دنیا میں آنے کو تیار ہیں۔زارا شیخ نے ’تیرے پیار میں‘ ایک بھارتی سکھ لڑکی کا کردار ادا کیا تھا جو مذہبی مقامات دیکھنے کے لیے پاکستان آتی ہیں، جہاں انہیں ایک مسلمان بینکار سے محبت ہوجاتی ہے۔

اپنی پہلی ہی فلم میں شاندار اداکاری دکھانے اور ایوارڈ جیتنے والی زارا شیخ نے اب تک اگرچہ ایک درجن فلموں میں کام کیا ہے، تاہم وہ شائقین کا توجہ رہی ہیں۔زارا شیخ کی آخری فلم ’آنر کلنگ’ 2014 میں ریلیز ہوئی تھی، اس کے بعد وہ اگرچہ 2017 میں فلم ’جنگ‘ میں مختصر کردار میں نظر آئی تھیں، تاہم اب وہ ایک رومانوی کامیڈی فلم ’ہیر مان جا‘ سے شائقین کے دلوں میں اترجانے کے لیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

فلم’’ہیر مان جا‘‘ کو رواں برس عیدالاضحیٰ پر ریلیز کیا جائے گا۔زارا شیخ نے بتایا کہ’ ’ہیر مان جا‘‘ میں وہ ڈانس نمبرز کرنے جا رہی ہیں اور انہیں یہ کام بہت اچھا لگا۔اداکارہ نے بتایا کہ وہ فلم میں کردار بھی کرتی دکھائی دیں گی، تاہم انہوں نے اپنے کردار کے حوالے سے کھل کر وضاحت نہیں کی۔زارا شیخ نے بتایا کہ اگرچہ وہ فلم میں مرکزی کردار میں نظر نہیں آئیں گی، تاہم ان کا کردار اچھا ہے اور شائقین کو بہت پسند آئے گا۔

اداکارہ نے فلم کی ٹیم اور خصوصی طور پر پروڈیوسر عمران رضا کاظمی کی تعریف کی اور بتایا کہ انہیں ’ہیر مان جا‘ کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے میں بہت مزہ آیا۔فلموں سے دور اور اپنے کام کرنے کے حوالے سے زارا شیخ نے بتایا کہ انہیں مختلف منصوبوں میں کام کرنے کی پیش کش ہے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔خیال رہے کہ ’ہیر مان جا‘ میں زارا شیخ ایک شادی کے گانے پرڈانس پرفارمنس کرتی دکھائی دیں گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں