ْکراچی، بلدیہ وسطی میں نئی صفائی مہم کا زور و شور سے آغاز،لائٹ اور ہیوی مشیری کا استعمال

سرِ دست مین شاہرائوں کی صفائی سے آغاز کیا گیا، دوسرے مرحلے میں گلیوں کی صفائی ہوگی

بدھ 20 مارچ 2019 18:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) بلدیہ وسطی میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے خصوصی مہم کا انعقاد ۔ ضلع وسطی کے چاروں زونز ، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد اور گلبرگ میں صفائی مہم کا آغاز کردیا گیاتاکہ باشندگانِ بلدیہ وسطی صاف ستھرے اور خوشگوار ماحول میں سانس لے سکیں۔ صفائی مہم کے دوران تقریبا 1500سینٹری ورکرز کے علاوہ لائٹ اور ہیوی مشینریز بھی استعمال کی جائے گی ۔

صفائی مہم میں محکمہ بلڈنگ و روڈ کا عملہ سڑکوں پر گڑھوں کی بھرائی کے ساتھ ساتھ سڑکو ں کے کناروں اور فٹ پاتھوں پر چوناکاری اور چونے کا چھڑکائو میں مصروف ہے جبکہ محکمہ باغات کا عملہ چورنگیوں اور گرین بیلٹس پر خوش رنگ کے پھول اور نایاب نسل کے پودے لگانے کے ساتھ بے ترتیبی سے بڑھ جانے والی درختوں کی شاخیں جو ٹریفک اور عوام کی آمدورفت میں رکاوٹ کا سبب بن رہی ہیںکاٹنے میں مصروف ہے ۔

(جاری ہے)

صفائی کا آغاز چاروں زونز میں ایک ساتھ کیا گیا پہلے مرحلے میں مین شاہرائوں اور گرین بیلٹس کو صاف کیا جارہا ہے ۔جبکہ دوسرے مرحلے میں لنک روڈ اور گلیاں صاف کی جائیگی ۔ چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے چاروں زونز کا دورہ کیا اور بنفس نفیس صفائی مہم کے دوران کئے جانے والے کام کامعائنہ کیا ۔جبکہ چیئرمین سینی ٹیشن کمیٹی زین الحق ، چیئرمین ورکس کمیٹی جمشید قائم خانی، متعلقہ یوسی چیئرمین و وائس چیئرمینزاور،ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد علی بھی صفائی مہم کو مانیٹر کررہے ہیں اس وقت ریحان ہاشمی کی ساری توجہ بلدیہ وسطی کے زیرِ اثر رہائشی اور تجارتی علاقوں کو کچرے کے ڈھیروں سے پاک کرکے صفا ئی کا بہتر نمونہ بناناہے۔

اُن کے مطابق صرف منتخب نمائندے ہی عوام کی بلدیاتی پریشانیوں کو محسو س کرسکتے ہیں اور ان کا بہتر حل تلاش کرسکتے ہیں۔اس سلسلے میں ہر وہ طریقہ استعمال کرنے کے لئے تیار ہیں جو انکے ضلع کو صاف و شفاف نظر آنے میں مدد گار ثابت ہو۔ اسی لئے سال بھر وقفے وقفے سے صفائی مہم کا احیاء کیا جاتاہے ۔ اب جو صفائی مہم شروع کی گئی ہے اس میں گزشتہ کی گئی تمام صفائی مہموں کی کمی کا ازالہ کیا جائے گا۔ تاہم صفائی مہم کے ساتھ ساتھ شجرکاری مہم بھی جاری رہے گی تاکہ ضلع وسطی کی ہریالی میں اضافہ کیا جاسکے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں