پانی انسانی زندگی کی بقا کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی و خوشحالی کے لئے بھی ناگزیر ہے، عمران اسماعیل

پانی کی اہمیت اور اس کے استعمال کے بارے میں آگاہی مہم وقت کی اہم ضرورت ہے، گورنر سندھ کا حسار فاونڈیشن کے زیر انتظام ورلڈواٹر ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعہ 22 مارچ 2019 17:56

پانی انسانی زندگی کی بقا کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی و خوشحالی کے لئے بھی ناگزیر ہے، عمران اسماعیل
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سالانہ رپورٹ کے مطابق پانی کی کمی ایک عالمی مسئلہ ہے اب پاکستان کا شمار بھی ان چند ممالک میں ہونے لگا ہے جہاں پانی کی قلت کا سامنا ہے، پانی انسانی زندگی کی بقا کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی و خوشحالی کے لئے بھی ناگزیر ہے ، پانی کی قلت کے پیش نظر اگر ہم نے پانی کے ذخائر نہ بنائے اور سیلابی پانی کا دانشمندانہ طریقہ سے اس کے تحفظ کے لیئے اقدامات نہیں کیے تو فی کس آدمی پانی کی دستیابی کی شرح میں روز بروز کمی واقع ہوتی جائے گی، اس ضمن میں ملک میں ڈیمز کا بننا ناگزیر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حسار فائونڈیشن کے زیر انتظام ورلڈواٹر ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ حسار فائونڈیشن پانی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے آگاہی مہم شروع کررہی ہے جوکہ خوش آئند امر ہے جس سے پانی کی ضرورت پوری کرنے میں مدد ملے گی۔ ایک اندازے کے مطابق ہر ایئرکنڈیشن سے روزانہ کی بنیاد پر پانچ گیلن پانی کا اخراج ہوتاہے اس ضمن میں ڈسپلے کئے گئے طریقہ سے کراچی شہر میں استعمال ہونے والے تقریباًایک ملین ایئرکنڈیشنز سے پانچ ملین گیلن پانی کو قابل استعمال بنایا جاسکے گا جوکہ ڈی ایچ اے کے رہائشیوں کی یومیہ ضرورت کے برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانی کے تحفظ کے اس طریقہ کار کو استعمال کر کے کراچی میں موجود وفاقی ادارے رضاکارانہ طور پر اپنا کردار اداکریں اور اس کے علاوہ پرائیویٹ بزنس مین ، صوبائی گورنمنٹ آفیسرز، ڈی ایچ اے ، کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈاور پبلک اداروںسے بھی درخواست کروں گا کہ اس اہم مہم میں ضرور حصہ لیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پانی کی اہمیت، اس کے استعمال اور تحفظ کے ضمن میں وفاقی حکومت کی جانب سے واٹر پالیسی کی تشکیل دی جاچکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں پانی کے موثر ، کفایتی استعمال اور اسے ذخیرہ کرنے کی جانب خصوصی توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استعفادہ حاصل کرنا دور حاضر کا تقاضہ ہے اس ضمن میں کراچی میںپینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت K-IVمنصوبے میں تعاون کررہی ہے جبکہ دیگر منصوبوں پر بھی کام کا آغاز کیا جائے گا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کی آبادی 20 ملین ہو چکی ہے ہمیں بہت سے چیلنجوں میں سے ایک بڑا چیلنج پینے کے صاف پانی کی غیر دستیابی ہے، اس ضمن میں کراچی میونسپل اور انفراسٹرکچر کے مسائل کو حل کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ گورنر سندھ نے کہا ہے کہ پانی خدا کی دی ہوئی بڑی نعمت ہے، پانی کو بچانا ایک عظیم کام ہے ، پانی کی اہمیت اور اس کے استعمال کے بارے میں آگاہی مہم وقت کی اہم ضرورت ہے بالخصوص کاشتکاروں کو بھی آگاہ کیا جائے کہ فصل اور زمین کی ضرورت کے مطابق پانی کو استعمال کریں تاکہ اس کے موثر استعمال کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی مقاصد کے لئے پانی کے مزید موثر اور کفایتی استعمال کے لئے کسانوں کو آگاہی دینا وقت کا اہم تقاضہ ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں