پہلے واٹر اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد خوش آئند ہے، گورنرسندھ

کھیلوں کی سرگرمیوں سے دنیا میں پاکستان کے سوفٹ امیج کو ابھارا جاسکتا ہے۔واٹر اسپورٹس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 23 مارچ 2019 00:05

پہلے واٹر اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد خوش آئند ہے، گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی میں پہلی بار واٹر اسپورٹس ایونٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے جو کہ خوش آئند امر ہے کراچی میں کھیلوں کی سرگرمیاں بالخصوص واٹر اسپورٹس کے انعقاد سے یہ بات واضح ہوگئی کہ حکومت کا نیا پاکستان بنانے کا ویژن عملی طور پر سامنے آنا شروع ہوگیا ہے، پاکستان میں پہلی بار ایکوا اسپورٹس کے انعقاد سے نوجوانوں اور بچوں میں واٹر اسپورٹس کے رجحان میں مزید اضافہ ہوگا۔

فیسٹیول میں پہلی بار جیٹ اسکی رائڈ، اسنارکیلنگ، اسکوبہ ڈائیونگ، سیلنگ، بیچ گیمز سمیت دیگر واٹر اسپورٹس شامل کئے گئے ہیں جو لوگوں کی توجہ کامرکز بنیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پہلے کراچی واٹر اسپورٹس فیسٹول کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ یہ دیکھ کر خوشگوار حیرت ہورہی ہے کہ پاکستان میں بھی واٹر اسپورٹس کا انعقاد ہورہا ہے جس کے لئے ہمیں پہلے بیرون ملک جانا پڑتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سیاحت کے فروغ کے لئے عملی اقدامات کرنا شروع کردئیے ہیں اور واٹر اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد بھی اس کی ایک کڑی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کا ویژن ہے کہ سیاحت کو مزید فروغ دیا جائے کیونکہ پاکستان میں بہترین ساحل، جنت نظیر وادیاں، لہلہاتے ہوئے کھیت، بلند و بالا پہاڑ، خوبصورت دریائوں سمیت متعدد سیاحتی مقامات ہیں اور موجودہ حکومت کا عزم ہے کہ پاکستان میں موجود تمام سیاحتی مقامات کو مزید خوبصورت کیا جائے جس سے زرمبادلہ میں اضافہ کے ساتھ ساتھ پاکستان کے سوفٹ امیج میں بھی مزید بہتری آئے گی۔

گورنر سندھ نے چیئرمین و انتظامیہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کو بھی خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کے پی ٹی نے اپنی دیگر ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے ادا کرنے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے جو کہ خوش آئند ہے جس کا مظہر ایکوا اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد ہے جس کے زریعے نوجوانوں میں واٹر اسپورٹس کی طرف رجحان بڑھانے کے ساتھ ساتھ معاشی، سماجی اور اقتصادی سرگرمیوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ کھیل کے لئے جذبہ نہایت ضروری ہے، جذبے سے ہی کھیل میں نکھار پیدا کیا جاسکتا ہے، سخت محنت اور لگائو سے کھلاڑی نمایاں مقام حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانو ں میں مقابلے کی فضاء پیدا کرتے ہیں جو علمی زندگی میں ان کے کام آتی ہے انہوں نے کہا کہ تعلیم اور تربیت کے ساتھ ساتھ صحت مندانہ مقابلے کی فضاء نوجوانو ں کو مستقبل میں اپنی ذمہ داریاں بہتر اندازمیںسنبھالنے میں سب سے زیادہ معاون ثابت ہوتی ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں