وزیر اعلیٰ سندھ کا کراچی میں جاں بحق پولیس اہلکارکے اہل خانہ کے لیے اہم اعلان

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مفتی تقی عثمانی پر حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے نابینا بچوں کا علاج کروانے اور انہیں تعلیم دلوانے کا اعلان کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 23 مارچ 2019 14:01

وزیر اعلیٰ سندھ  کا کراچی میں جاں بحق پولیس اہلکارکے اہل خانہ کے لیے اہم اعلان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مارچ2019ء) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مفتی تقی عثمانی پر حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے نابینا بچوں کا علاج کروانے اور انہیں تعلیم دلوانے کا اعلان کیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مراد علی شاہ صوبائی وزراء کے ہمراہ مفتی تقی عثمانی کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے مفتی تقی عثمانی کی خیریت دریافت کی،مفتی تقی عثمانی نے وزیر اعلیٰ سندھ سے گفتگو میں بتایا کہ ان کی گاڑی پر چاروں اطراف سے فائرنگ کی گئی جس پر مراد علی شاہ نے کہا کہ اللہ پاک نے آپ پر کرم کیا اور آپ کے اہل خانہ کو محفوظ رکھا۔

مراد علی شاہ کا شہید اہلکار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہید اہلکار کے بچوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔شہید نابینا بچوں کا علاج کرائیں گے اور انہیں تعلیم بھی دلوائیں گے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کراچی میں مفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملے میں جاں بحق پولیس اہلکار محمد فاروق گھر کا واحد کفیل اور 7 بچوں کا باپ تھا جن میں تین بچے پیدائشی طور پر نابینا ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جاں بحق پولیس اہلکار محمد فاروق گھر کا واحد کفیل تھا،۔گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے ڈیوٹی کے بعد پنکچر کی دکان پر کام کر کے اپنے گھر کے علاوہ بیوہ بہن اور اس کے 6 بچوں کی کفالت بھی کرتا تھا۔ جاں بحق اہلکار محمد فاروق کے بھائی نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے بھائی کے 7 بچے ہیں جن میں سے تین نابینا ہیں اور چار نارمل ہیں۔

جب کہ ان کی والدہ کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا گھر کا واحد کفیل تھا۔میرا شوہر دل کا مریض ہے اور میری بیوی بیٹی ہے جس کے چھ بچے ہیں۔خیال رہے ہ گذشتہ روز کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل پر نرسری کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم ملزمان نے دارالعلوم کراچی کی گاڑی کو نشانا بنایا جس میں دارالعلوم کورنگی کے نائب مہتمم مفتی تقی عثمانی سوار تھے، فائرنگ کے نتیجے میں ان کا گارڈ جاں بحق ہوگیا تاہم مفتی تقی عثمانی محفوظ رہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں