رکن سندھ اسمبلی رمضان گھانچی کے ہمت و حوصلے کو داد دینی چاہئے، خرم شیر زمان

یوم پاکستان مادرِ وطن سے محبت اور ایثار کا درس دیتا ہے، ایم پی اے رمضان گھانچی

ہفتہ 23 مارچ 2019 23:20

رکن سندھ اسمبلی رمضان گھانچی کے ہمت و حوصلے کو داد دینی چاہئے، خرم شیر زمان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی رمضان گھانچی کے اعزاز میں آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن اور آل پاکستان ٹمبر ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقعے پر صدرپی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان، رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی، ایم پی اے ڈاکٹر عمران شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

رکن سندھ اسمبلی رمضان گھانچی نے تقریب کے انعقاد پر شرجیل گوپلانی اور آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن اور آل پاکستان ٹمبر ٹریڈرز ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقعے پر رکن سندھ اسمبلی رمضان گھانچی کا کہنا تھا کہ یوم پاکستان مادرِ وطن سے محبت اور ایثار کا درس دیتا ہے۔

(جاری ہے)

ہر پاکستانی اس دن کو اس خلوص اور جوش و جذبے کے تحت مناتا ہے جو اس دن کا حق ہے۔

صدر پی ٹی آئی خرم شیر زمان نے کہا کہ رکن سندھ اسمبلی رمضان گھانچی کی ہمت و حوصلے کو داد دینی چاہئے کہ انہوں نے حب الوطنی کی لاج رکھتے ہوئے اس تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پاکستان ہم سب کے دلوں کی دھڑکن ہے اور ہم اس کی بقاء و سلامتی سے بڑھ کر کسی بات کو اہمیت نہیں دیتے۔ اپنے خطاب میں شرجیل گوپلانی نے کہا کہ میں تہ دل سے جناب رمضان گھانچی صاحب کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اپنی طبیعت کو نظر انداز کرتے ہوئے وہیل چیئر پر آکر ہمارے پروگرام کو چار چاند لگا دئیے ۔

آپ نے عوام کے حق کے لیے آواز اٹھائی اور اپنی جان کی پرواہ نہیں کی اور گینگ وار کی باقیات کے سامنے نہ صرف کھڑے ہوئے بلکہ ان کی گولیوں کا نشانہ بھی بنے۔ آج بھی آپ عوام میں موجود ہیں اور وہ گینگ وار کے کارندے اپنا منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔ آل سٹی تاجر اتحاد اور آل پاکستان ٹمبر ٹریڈرز ایسوسی ایشن آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور حکومت سندھ سے مطالبہ کرتی ہے کہ جلد سے جلد رمضان گھانچی صاحب کو انصاف دلایا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں