بلاول کے ویژن کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی رہنمائی میں کراچی سمیت صوبے میں مثالی ترقیاتی کام کرائے ہیں ،سید ناصر حسین شاہ

وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کے 125 ارب روپے کے فنڈز روکے ہوئے ہیں، حکومت پیسے ریلیز کردے ، سینئر وزیر سندھ اگر یہ پیسے ہمیں مل جائیں تو عوام کی فلاحی کے کاموں کے ساتھ ساتھ صوبے میں ترقیاتی کام بھی تیز ہوجائیں گے ، منڈیا ہائوس میں تقریب سے خطاب

اتوار 24 مارچ 2019 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2019ء) سینئر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کے 125 ارب روپے کے فنڈز روکے ہوئے ہیں،اگر یہ پیسے ہمیں مل جائیں تو ہم عوام کی فلاحی کے کاموں کے لئے نہ صرف یہ پیسہ خرچ کریں ،بلکہ صوبے میں ترقیاتی کام بھی تیزی سے ہوتے ہوئے نظر آئیں گے،پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کے ویژن کے مطابق وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی رہنمائی میں کراچی سمیت صوبے میں مثالی ترقیاتی کام کرائے ہیں ،وہ منڈیا ہاؤس میں محمد الیاس منڈیا گروپ کی جانب سے منعقدہ 23 مارچ قرارداد پاکستان کی تقریب سے خطاب کررہے تھے،اس موقع پر مشیر اطلاعات سندھ مرتضی وہاب ،اور سراج قاسم تیلی نے بھی اظہار خیال کیا،سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ صوبے میں بہتری لانے کے لئے بہت محنت کررہے ہیں،لیکن ہمیں مالی مشکلات کا سامنا ہے،وفاقی حکومت بار بار یاد دہانی کے باوجود ہمارے پیسے نہیں دے رہی،انہوں نے کہا کہ کرپشن خاتمے کا دعویٰ کرنے والی نیازی حکومت نے دھاندلی کے ریکارڈ قائم کئے ،لیاری جو پیپلزپارٹی کا گڑھ ہے وہاں پی ٹی آئی کا ایم این اے منتخب ہوتا ہے اور اسی طرح ٹی ایل پی اور ایم ایم اے کے 2 اراکین سندھ اسمبلی بھی وہاں سے منتخب ہوئے،اسی طرح نائن زیرو سے ایم کیو ایم کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا،انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں مدعو کرنے پر میں منڈیا گروپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں،مرتضی وہاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے،پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر بے نظیر بھٹو صاحبہ اور آصف علی زرداری صاحب کے دور حکومت کراچی سمیت سندھ بھر میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے گئے ہیں،صرف لیاری میں ہم نے 14 روڈ بنائے ہیں،جبکہ کراچی پیکج کے تحت انڈر پاسز اور بریجز کا جال بچھا دیا ہے،انہوں نے کہا کہ مخالفین صرف تنقید برائے تنقید نہ کریں جو ہم نے عوام کی خدمت کی ہے اسے بھی سامنے لائیں،سراج قاسم تیلی نے کہا کہ 1947 میں قائم ہونا والا پاکستان تا قیامت تک رہے گا،دشمن جتنی بھی سازشیں کرلے ،لیکن اسے منہ کی کھانہ پڑے گی،انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ محنت سے کام کررہے ہیں اس میں کوئی شک نہیں ،لیکن ترقیاتی عمل مزید تیز ہونا چاہئیے ،تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت ملے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں