سندھ حکومت کراچی کے مسائل کے حل میں بری طرح ناکام ہے، خرم شیر زمان

سندھ حکومت کی کارکردگی صرف کاغذات اور مسائل کا حل صرف بیان بازی تک محدود ہے،صدر پی ٹی آئی کراچی ڈویژن

پیر 25 مارچ 2019 23:13

سندھ حکومت کراچی کے مسائل کے حل میں بری طرح ناکام ہے، خرم شیر زمان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے مسائل حل کرنے میں سندھ حکومت بری طرح ناکام ہے۔ صحت کے اعتبار سے شہر بیماری کا گڑھ اور صفائی کے اعتبار سے کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہیں۔

ا نہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور ٹریفک کے مسائل بھی اہم ہیں۔ سندھ حکومت کی طرف سے کسی مسئلے کے حل کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی دیکھنے میں نہیں آتی۔ کارکردگی صرف کاغذات اور مسائل کا حل صرف بیان بازی تک محدود ہے۔ آبادی کے اعتبار سے ٹریفک کا حجم بھی بڑھ رہا ہے اور پانی اور سیوریج کے مسائل بھی وقت کے ساتھ ساتھ بڑھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت کا اربوں روپے کا بجٹ عوام کے لیے استعمال ہونے کی بجائے حکمرانوں کی جیبوں میں جا رہا ہے۔

احتساب کے ادارے یہ جانتے ہیں، اس لیے پہلے اسپیکر سندھ اسمبلی گرفتار ہوئے اور اب وزیر اعلیٰ سندھ نیب کی سخت تفتیش کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ اسپیکر سندھ اسمبلی نے گرفتار ہو کر بھی استعفیٰ نہیں دیا اور سیٹ سے چمٹے بیٹھے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھی مستعفی ہونا چاہئے۔ اپنے آپ کو بچانے کی فکر میںسندھ حکومت عوامی مسائل نظر انداز کررہی ہے۔

کراچی کے مسائل پیپلز پارٹی کے گیارہ سالہ دور میں کئی گنا بڑھ چکے ہیں۔ سندھ حکومت سے روشنیوں کا شہر کراچی نہیں سنبھالا جارہا۔ کراچی نے تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیا ہے اور پی ٹی آئی کراچی کے مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔ جب تک سندھ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ نہیں ہوتی، ہم چپ نہیں بیٹھیں گے۔ کراچی بلدیاتی انتخابات میں بھی ہمارا ساتھ دے گا اور اگلا میئر تحریک انصاف کا ہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں