قبرستانوں کو جانے والے راستوں اور قبرستانوں کے اطراف صفائی ستھرائی اور روشنی کا خاص انتظام کیا جائے،میئر کراچی

جمعہ 19 اپریل 2019 18:27

قبرستانوں کو جانے والے راستوں اور قبرستانوں کے اطراف صفائی ستھرائی اور روشنی کا خاص انتظام کیا جائے،میئر کراچی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2019ء) میئر کراچی وسیم اختر نے ہدایت کی ہے کہ شب برأت کے موقع پر قبرستانوں کو جانے والے راستوں اور قبرستانوں کے اطراف صفائی ستھرائی اور روشنی کا خاص انتظام کیا جائے تاکہ اس رات اپنے عزیز و اقارب کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لئے جانے والے شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ اینڈ میڈیکل سروسز اور ڈائریکٹر جنرل ورکس اینڈ سروسز کو ہدایت کی کہ قبرستانوں کو جانے والے راستوں کی مرمت ، اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی اور صفائی کو یقینی بنایا جائے اور اس کے لئے ضلعی بلدیات اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ساتھ رابطہ کرنے کے علاوہ بلدیاتی نمائندوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے کیونکہ یوسی چیئرمین اپنے علاقے کے مسائل کو بہتر سمجھ سکتے ہیں اور علاقے کے عوام سے ان کا قریبی رابطہ رہتا ہے لہٰذا متعلقہ یوسی چیئرمین کی مشاورت اور رہنمائی سے ان تمام کاموں کو احسن طریقے سے انجام دیا جائے خصوصاً گنجان آبادیوں میں تمام انتظامات اس طرح کئے جائیں کہ شب برأت کے موقع پر شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے، میئر کراچی نے ہدایت کی کہ محکمہ میونسپل سروسز ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف قبرستانوں کے اطراف تعینات کرے اور سٹی وارڈنز کو قبرستانوں کی طرف جانے والے راستوں پر تعینات کیا جائے تاکہ ٹریفک کنٹرول اور لوگوں کی رہنمائی میں مدد ملے، انہوں نے کہا کہ شب برأت کے موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں شہریوں کی بہت بڑی تعداد اپنے عزیز و اقارب کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لئے قبرستانوں کا رخ کرتی ہے لہٰذا انہیں اس موقع پر زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کی جائیں اور تمام ادارے اس سلسلے میں مل کر کام کریں تاکہ شب برأت کے حوالے سے کئے جانے والے انتظامات کے پہلے سے بہتر نتائج حاصل ہوں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں