نوجوان نسل میں نشے کے بڑھتے رجحان کو روکنا بیحد ضروری ہے،وزیر محنت و افرادی قوت سندھ مرتضیٰ بلوچ

ہفتہ 20 اپریل 2019 16:45

نوجوان نسل میں نشے کے بڑھتے رجحان کو روکنا بیحد ضروری ہے،وزیر محنت و افرادی قوت سندھ مرتضیٰ بلوچ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2019ء) صوبائی وزیر برائے محنت اور افرادی قوت غلام مرتضیٰ بلوچ نے کہا ہے کہ نوجوان نسل میں نشے کا بڑھتا ہوا رجحان باعث تشویش ہے اور نئی نسل کو تباہ ہونے سے بچانے اور ان کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف لانے کے لئے ہم سب کو کوششیں کرنی ہوںگی کیونکہ یہ نسل ملک و قوم کی معمار ہے۔ ہفتے کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے نئی زندگی ٹرسٹ کی جانب سے بھٹائی آباد میں منشیات کے روک تھام اور اس کے خاتمے کے لئے عوامی آگاہی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے جوائنٹ ڈائریکٹر عابد علی، یوسی چیئرمین ای ڈی سومرو، وائس چیئرمین امانت ضیاء، پی ایس 130 جی ایس ممبر ضلع کونسل منظور حسین، رحمت اللہ مغیری سمیت ٹرسٹ کے ذمہ داران اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرصوبائی وزیر محنت اور افرادی قوت غلام مرتضیٰ بلوچ کو نئی زندگی ٹرسٹ کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر ایاز سومرو کی جانب سے منشیات کی عادی افراد کے علاج کے لئے بھٹائی آباد میں قائم سینٹر کے متعلق بریفنگ دی گئی۔

غلام مرتضیٰ بلوچ نے کہا کہ ایک سروے کے مطابق ملک میں 80 لاکھ افراد منشیات کا استعمال کرتے ہیں اور ان میں اکثریت نوجوانوں کی ہے جو باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہا معاشرے کو منشیات سے پاک بنانے کے لئے حکومت کے ساتھ سول سوسائٹی کے ارکان کو بھی اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا کیونکہ کہ والدین، اساتذہ، غیر سرکاری تنظیموں اور دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی شمولیت کے بغیر یہ مقصد حاصل نہیں کرسکتے۔ غلام مرتضیٰ بلوچ کے مطابق نوجوان نسل کو منشیات سے دور رکھنا ہوگا اسی میں قوم کی ترقی ممکن ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں