شب برات کے موقع پر بلدیہ غربی کے قبرستانوں میں سہولیات کی فراہمی کا عمل مکمل

ہفتہ 20 اپریل 2019 22:50

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2019ء) شب برات کے موقع پر بلدیہ غربی کے قبرستانوں میں سہولیات کی فراہمی کا عمل مکمل تمام قبرستانوں میں صفائی ستھرائی، اندرونی اور اطراف کے راستوں کو ہموار اور روشنی کے انتظامات کے ساتھ ساتھ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے اسٹینڈ بائی جنریٹرز کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چیئرمین بلدیہ غربی اظہار الدین احمد خان نے اراکین سندھ اسمبلی صداقت حسین، علی خورشیدی اور اراکین ڈسٹرکٹ کونسل کے ہمراہ قبرستانوں میں مکمل کیئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا موقع پر موجود بلدیاتی افسران نے چیئرمین کو شب برات کے حوالے سے کیئے جانے والے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلدیہ غربی کی حدود میں موجود تمام قبرستانوں میں جھاڑیوں کی کٹائی، روشنی کی فراہمی اور دیگر ضروری نوعیت کے کام مکمل کیئے جاچکے ہیں قبرستان آنے والے زائرین کی سہولت کیلئے استقبالیہ کیمپس قائم کیئے گئے ہیں جہاں ان کی ٹھنڈے پانی و مشروبات سے تواضع کی جائے گی گل پاشی اور خوشبوکا اسپرے کیا جائے گا جبکہ قبرستانوں کے اطراف پارکنگ کے بھی خصوصی انتظامات کیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلدیہ غربی، اراکین اسمبلی اور اراکین ڈسٹرکٹ کونسل نے شب برات کے موقع پر کیئے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ میونسپل کمشنر بلدیہ غربی وسیم مصطفی سومرو نے میوہ شاہ قبرستان میں لگائے جانے والے مرکزی کیمپ کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود افسران کو ہدا یات دیتے ہوئے کہا کہ قبرستان آنے والے زائرین کو سہولیات کی فراہمی کا عمل رات گئے تک جاری رکھا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں