کراچی میں غلط انجکشن سے متاثر ہونے والی بچی نشوا انتقال کر گئی

نشوا کئی روز تک دارلصحت اسپتال میں زیرعلاج رہی جس کے بعد لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کیا گیا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 22 اپریل 2019 10:37

کراچی میں غلط انجکشن سے متاثر ہونے والی بچی نشوا انتقال کر گئی
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اپریل 2019ء) : کراچی میں غلط انجکشن سے متاثر ہونے والی بچی نشوا انتقال کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق نشوا کئی روز تک دارلصحت اسپتال میں زیرعلاج رہی جس کے بعد نشوا کو لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ غلط انجکشن لگنے سے نشوا کا 71 فیصد دماغ مفلوج ہوا تھا اور دماغ میں آکسیجن نہ پہنچنے کے باعث بچی کے ہاتھ پاؤں ٹیڑھے ہوگئے تھے۔

غفلت برتنے کے الزام میں دارالصحت اسپتال انتظامیہ کے خلاف شارع فیصل میں مقدمہ درج کیا گیا ۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو لکھے گئے خط میں بتایا تھا کہ واقعہ اسپتال انتظامیہ کی غفلت کے سبب پیش آیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے موصول ہونے والی خبروں کے مطابق نشوا کی حالت میں بہتری آ رہی تھی۔

(جاری ہے)

کراچی میں ترجمان لیاقت نیشنل اسپتال انجم رضوی نے بتایا تھا کہ نشوا کی حالت بتدریج بہتر ہو رہی ہے، آکسیجن ہٹادی گئی ہے اور نالی کے ذریعے فیڈ کروائی گئی ۔ 16 اپریل منگل کی صبح بھی بچی کا سی ٹی اسکین اور دیگر ٹیسٹ کئے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق بچی آئی سی یو میں زیرِ علاج ہے جس کی حالت میں آہستہ آہستہ بہتری آرہی ہے۔ نشوا کے والد نے عوام سے بچی کی صحت یابی کے لئے دعا کی اپیل کی تھی۔

وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے معاملے کی تحقیقات کے لیے دورکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔واضح رہے کہ کراچی کے نجی اسپتال دارالصحت کے عملے نے نشوا کو غلط انجکشن لگادیا تھا جس کے نتیجے میں وہ ذہنی طور پر مفلوج ہوگئی تھی۔ اسپتال انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا اور بچی کو علاج کے لیے لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن نشوا جانبر نہ ہو سکی اور آج جان کی بازی ہار گئی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں