شہری چھینا جھپٹی کی وارداتوں کے دوران اپنی جان کو خطرے میں ڈالنے سے گریز کریں،میئر کراچی

کراچی کی پولیس شہر میں امن و امان بحال رکھنے اور ڈاکوئوں اور چوروں کا قلع قمع کرنے میں ناکام ہوگئی ہے،وسیم اختر

منگل 23 اپریل 2019 18:36

شہری چھینا جھپٹی کی وارداتوں کے دوران اپنی جان کو خطرے میں ڈالنے سے گریز کریں،میئر کراچی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2019ء) میئر کراچی وسیم اختر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کی وارداتوں کے دوران اپنی جان کو خطرے میں ڈالنے سے گریز کریں کیونکہ انسانی زندگی کا کوئی بدل نہیں ، کراچی کی پولیس شہر میں امن و امان بحال رکھنے اور ڈاکوئوں اور چوروں کا قلع قمع کرنے میں ناکام ہوگئی ہے لہٰذا شہری ازخود احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مقامی اسپتال میں داخل ایم کیو ایم پاکستان کے سوشل میڈیا کے کارکن 25سالہ مبین مجید کی عیادت کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کیا، مبین مجید کو موبائل چھیننے پر مزاحمت کرتے ہوئے ڈاکوئوں نے چار گولیاں ماری تھیں جس میں سے تین گولیاں ان کے جسم کے مختلف حصوں میںپیوست ہوئیں اور وہ زندگی و موت کی کشمکش میں مقامی اسپتال میں داخل ہے، میئر کراچی نے اس موقع پر کہا کہ پولیس کی ذمہ داری ہے کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو بحال رکھیںمگر پولیس نجانے کیا کررہی ہے کہ چور اور ڈاکو شہر میں آزادانہ گھوم رہے ہیں اور پولیس کوئی کارروائی نہیں کررہی، پولیس کو چاہئے کہ شہر میں امن قائم کرنے کی کوشش کرے اور شہر میں افراتفری کے ماحول پر قابو پائے، انہوں نے کہا کہ شہری خود اپنی زندگیوں کی حفاظت کریں اور ہرممکن احتیاطی تدابیر اختیار کریں اگر چوری یا ڈکیتی کا سامنا ہوجائے تو ہرگز اپنی جان کا خطرہ مول نہ لیں تاکہ انسانی زندگی محفوظ رہے کیونکہ دنیاوی سامان سے انسانی زندگی زیادہ قیمتی ہے انہوں نے مبین مجید کی صحت یابی کے لئے دعا کی اور اہل خانہ کو یقین دلایا کہ مبین مجید کو بہترین علاج کی سہولت فراہم کریں گے اس حوالے سے اہل خانہ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں صرف اس کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی جائے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں