وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے سعودی عرب کے قونصل جنرل کی ملاقات

پاک سعودی دو طرفہ تعلقات ، تجارت میں مزید اضافہ اور اہمیت کے حامل دیگرا مور پر تفصیلی تبادلہ خیال

منگل 23 اپریل 2019 18:36

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے سعودی عرب کے قونصل جنرل کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2019ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے کراچی کے نئے سعودی قونصل جنرل بندر فہد الدائل نے وزیراعلی ہاؤس میں ملاقات کی جس میں انہوں نے بندر فہد الدائل کی سندھ میں بطور قونصل جنرل خوش آمدید کہتے ہوئے مبارکباد دی اور سندھ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات ، تجارت میں مزید اضافہ اور اہمیت کے حامل دیگرا مور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سعودی عرب سے ہمارے روحانی و مذہبی تعلقات ہیں، جوکہ آئے دن مضبوطی کی جانب گامزن ہیں، سندھ کی عوام سعودی عرب کی خدمات کو قدر اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں کی طرح سعودی عرب کے سرمایہ کار شہر کی استعدا د سے بھرپور استفادہ حاصل کریں اس ضمن میں حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون اور مدد بھی فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں سعودی قونصل جنرل نے کہا کہ سعودی عرب کے عوام پاکستان کو اسلام کا قلعہ سمجھتے ہیں اور اس کی خوشحالی کے خواہش مند بھی ہیں اس ضمن میں سعودی عرب تعاون جاری رکھے گا ۔ وزیر اعلی سندھ سید مر اد علی شاہ نے سعودی عرب کے نئے قونصل جنرل بندر فہد الدائل کو سندھ کا روایتی تحفہ سندھی ٹوپی ، اجرک اور کھیس بھی پیش کیا۔ ملاقات میں وزیراعلی سندھ کے ہمراہ پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو بھی تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں