اگر این ایف سی ایوارڈ کے ساتھ پی ایف سی ایوارڈ کو حتمی شکل نہ دی گئی تو لوگوں کو اٹھارویں ترمیم سمیت این ایف سی ایوارڈ کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، مصطفی کمال

منگل 23 اپریل 2019 23:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2019ء) پاک سر زمین پارٹی کی جانب سے ڈسٹرکٹ ایسٹ کے گلشن اقبال ٹاؤن، یوسی 27، ونڈر ٹاور میں عوامی رابطہ مہم کے تحت عوامی اجتماع منعقد کیا گیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین سید مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اس وقت صوبائی حکومتوں سے نیشنل فنانس کمیشن پر مذاکرات کر رہی ہے جو ملک کی ترقی اور عوامی مسائل حل کرکے ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے انتہائی اہم ہے لیکن اگر این ایف سی ایوارڈ کے ساتھ پی ایف سی ایوارڈ کو حتمی شکل نہ دی گئی تو لوگوں کو اٹھارویں ترمیم سمیت این ایف سی ایوارڈ کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

لوگوں کو این ایف سی ایوارڈ کے ثمرات نچلی سطح تک منتقل ہو سکیں اس کیلئے نیشنل فنانس کمیشن کو پروونشنل فنانس کمیشن سے مشروط کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ملک کو معاشی محاذ پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں موجودہ حکومت مکمل ناکام دکھائی دیتی ہے۔ پاک سرزمین پارٹی کے پیش کردہ 16 نکات پر عملدرآمد کر کے ملک کو بحرانوں سے نکال کر صحیح سمت میں گامزن کیا جا سکتا ہے۔

پرونشل فنانس کمیشن کے ذریعے وسائل نچلی سطح پر منتقل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو سکیں۔ اس موقع پر وہاں موجود عوام نے سید مصطفیٰ کمال کے دور نظامت میں ہونے والے کاموں کو سراہا اور موجودہ درپیش مسائل پر شکایتوں کے انبار لگا دیئے۔ عوام کی بڑی تعداد نے سید مصطفیٰ کمال کے نظریے کو گھر گھر پہنچانے اور پاک سرزمین پارٹی کو مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں