وزیر اعلیٰ سندھ سے یو این آرسی کے وفد کی ملاقات

بدھ 24 اپریل 2019 22:40

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور یونائیٹڈ نیشن ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر برائے پاکستان نے تھر، کوہستان اور کاچھو کے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کی ہنگامی بنیادوں پر مدد فراہم کرنے اور آئندہ خشک سالی کے خطرات کو کم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ یو این آر سی کے نیل بیوہینی نے وزیر اعلی سندھ سے اپنے وفد جوکہ چیف آف فیلڈ آفس یونیسیف کرسٹنا برگیلو، ایف اے او ہیڈ آف سب آفس جنیوائی وی حسین اور یو این آر سی او عمران لغاری پر مشتمل تھا ملاقات کی۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعلی سندھ اور یو این آر سی نے سندھ میں کام کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا کہ کس طرح صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جاسکتا ہے جس سے زیادہ سے زیادہ لوگ مستفیض ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں زیادہ سے زیادہ ہنگامی امداد فراہم کرنے کے طریقہ کار پر توجہ مرکو ز کی کہ کس طرح سے تھر، کاچھو اور کوہستان کے علاقوں سے آئندہ کی خشک سالی کے خطرات کو کم کیا جاسکتا ہے۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ تھر پارکر میں کول مائننگ اور کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ کے ذریعے روز گار کے مواقع پیدا کئے گئے ہیں اور اس کی بدولت وہاں پر غربت کی شرح میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کاچھو اور کوہستان کے علاقوں میں بھی غربت کے خاتمے کے لئے اسی طرح روزگار پیدا کرنے کے لئے سرگرمیاں شروع کرنے کا خواہاں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یو این آر سی ان کی ٹیم اور دیگر ماہرین کے ساتھ مشاورت کے ذریعے جامع منصوبہ بندی کی جائے گی۔

بیوہینی نے وزیراعلی سندھ کا سندھ کے چند علاقوں میں زبردست کام کرنے پر ان کی کارکردگی کو سراہا اور انہوں نے ان کاموں کو توسیع دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ تمام کمزور اور خطرے کا سامنا کرنے والے بچے بھی مستفیض ہوں سکیں ۔ یو این آر سی کے بیوہینی نے سندھ میں پولیو کے خاتمے کی ایک موثر اور جامع مہم چلانے پر وزیراعلی سندھ کی لیڈر شپ کی تعریف کی اور ان سیپولیو کے وائرس بالخصوص شہری علاقوں سے خاتمے کی اہمیت اور اس حوالے سے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا۔

انہوں نے خواتین کی تولیدی صحت اور آبادی میں اضافے کی شرح کو کم کرنے ، بچوں کے لئے معیاری تعلیم کی فراہمی اور رسائی، دیہی سطح پر غربت میں کمی کے لئے کاوشیں، واٹر مینجمنٹ کو بہتر بنانے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے لوگوں پر اثرات کو کم کرنے کے لئے کارروائی جیسے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسٹر بیوہینی نے وزیراعلی سندھ کی جانب سے ترقیاتی مقاصد کے حصول میں کامیابی کے لئے کئے گئے ان کے کاموں کو بھی سراہا اور صوبائی حکومت کو غربت کے خاتمے کی پالیسیوں پر عملدرآمد اور دیگر پروگراموں کو فروغ دینے کے لیے اقوام متحدہ کی جانب سے تعاون کی بھی پیشکش کی۔

وزیراعلی سندھ نے یو این آر سی اور ان کے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان کے تھر کے دورے اور وہاں پر غذائیت کی قلت کے حوالے سے کام کرنے کے سلسلے میں ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔ یو این آر سی کے مسٹر بیوہینی نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ انہوں نے تھر کا دورہ کیا تھا اور وہ اسلام کوٹ بھی گئے تھے جسے تھر پارکر کا ماڈل تعلقہ قرار دیا گیاہے۔ انہوں نے تھر پارکر میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرانے اور وہاں پر روز گار کے مواقع پیدا کرکے غربت میں کمی لانے کی حکومتی کاوشوں کو سراہا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں