تکنیکی خرابی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیاں معطل

خرابی کی وجہ سے 25 سے زائد بروکرز کی رسائی ٹریڈنگ سسٹم تک نہیں ہو رہی ہے. انتظامیہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 25 اپریل 2019 12:28

تکنیکی خرابی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیاں معطل
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 25 اپریل۔2019ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تکنیکی خرابی کے سبب کاروبار اچانک رک گیا‘اسٹاک ایکس چینج کی انتظامیہ نے شیئرہولڈرز کو کاروبار معطل ہونے کی اطلاع دے دی ہے. پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے اعلامیے کے مطابق انتظامیہ خرابی کا تعین کر رہی ہے، فنی خرابی ایکسچینج کے ٹریڈنگ سسٹم میں ہوئی ہے.

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ فنی خرابی کی وجہ سے 25 سے زائد بروکرز کی رسائی ٹریڈنگ سسٹم تک نہیں ہو رہی ہے، خرابی دور کرنے کے بعد کاروباری دورانیہ بتا دیا جائے گا. تفصیلات کے مطابق اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے پہلے سیشن کے دوران اچانک فنی خرابی پیدا ہوگئی جس کے نتیجے میں کاروبار معطل ہوگیا.

(جاری ہے)

کام بند ہونے سے سرمایہ کار پریشان ہوگئے تاہم اسٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ نے بتایا کہ ٹیکنیکل خرابی پیدا ہونے کے سبب اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار معطل ہوا ہے، اس نقص کو دور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں.

اسٹاک ایکسچینج انتظامیہ کے مطابق مسئلے کے حل ہوتے ہی فوری طور پر ٹریڈنگ کے وقت سے آگاہ کیا جائے گا اور کاروبار دوبارہ شروع کردیا جائے گا. پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے لیے دو سیشن منعقد کیے جاتے ہیں. پہلا سیشن 9 بج کر 15 منٹ پر شروع ہوکر 12 بجے تک جاری رہتا ہے جس کے بعد 12 بجے سے سوا 2 بجے تک وقفہ ہوتا ہے‘دوسرا سیشن دوپہر ڈھائی بجے سے شام ساڑھے چار بجے تک جاری رہتا ہے. واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے ملک کی خراب معاشی صورتحال کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی طویل عرصے سے مندی کے بادل چھائے ہوئے ہیں. اسٹاک ایکسچینج کی انتظامیہ نے بتایا کہ ٹیکنیکل خرابی پیدا ہونے کے سبب اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار معطل ہوا ہے، اس نقص کو دور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں.

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں