چیئرمین پاک سرزمین پارٹی کی عوامی رابطہ مہم کے تحت حیدر آباد کا دورہ مکمل

آج کوئٹہ پہنچیں گے ، ایوانوں میں عوامی مسائل کے حل کے بجائے ذاتیات پر بات ہو رہی ہے، ملک بھر میں ہیجان کی کیفیت ہے، مصطفی کمال e ماہ رمضان کی آمد ہے ، لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، مہنگائی نے لوگوں کی قوت خرید ختم کر کے رکھ دی ہے، چیئرمین پاک سرزمین پارٹی

جمعرات 25 اپریل 2019 23:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2019ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے عوامی رابطہ مہم کے تحت حیدرآباد کا ایک روزہ دورہ مکمل کر لیا ہے اور اب جمعے کے دن کوئٹہ پہنچیں گے۔ دورے میں میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے سید مصطفی کمال نے کہا کہ جلد گرمیوں اور ماہ رمضان کی آمد ہے لیکن اس سے قبل ہی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کے نام پر گھنٹوں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، مہنگائی نے لوگوں کی قوت خرید ختم کر کے رکھ دی ہے۔ ایوانوں میں عوامی مسائل کے حل کے بجائے ذاتیات پر بات ہو رہی ہے، ملک بھر میں ہیجان کی کیفیت ہے۔ کسی کو کچھ سمجھ نہیں آ رہا کہ حکومت ملک کو کس جانب لے جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی اور سندھ کونسل کے صدر شبیر قائم خانی بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ بعدازاں پارٹی رہنماؤں نے پارٹی کے سینئر کارکن اختر ایوب سے انکے والد کے انتقال پر انکے گھر جا کر تعزیت کی۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ چاروں صوبوں کی نشتتیں برابر ہونی چاہئیں تا کہ ملک کے وزیراعظم کی توجہ تمام صوبوں پر برابر ہو، اس وقت چھوٹے صوبے وزیراعظم کی ترجیحات میں شامل نہیں۔

ملک میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آتی بلکہ آج پاکستان بالخصوص سندھ میں کرپشن اپنے عروج پر ہے۔ آج تک آٹھ سو ارب روپے ٹیکس خسارہ ہے، ایف بی آر کا ادارہ کام نہیں کر پا رہا انوسیمنٹ آ نہیں رہی ملک میں نااہل انتطامیہ ہے۔اٹھاریوں ترمیم کے بعد صوبے مضبوط ہوئے یا نہیں لیکن ڈسٹرکٹس ضرور تباہ ہوگئے این ایف سی ایوارڈ کے پیسے کبھی ڈسٹرکٹس کو منتقل نہیں کئے گئے۔

آج حیدرآباد کی تباہی میں صوبائی و بلدیاتی حکومت برابر کی شریک ہیں ہر کوئی اپنی جیبیں گرم کرنے میں مصروف ہے۔ حیدرآباد میں میئر، ڈپٹی میئر عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے نہیں پیسوں کے لئے لڑ رہے ہیں، سندھ حکومت کی اس معاملے پر خاموشی معنی خیز ہے۔ ایم کیو ایم والے عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں اس لیے صوبے کا جھوٹا نعرہ لگا رہے ہیں تاکہ عوام پھر سے گمراہ ہو جائے۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں