ا نسان دوست ادارے اور اشخاص خصوصی افراد کی زندگیاں آسان بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، سید قاسم نوید قمر

ہفتہ 18 مئی 2019 22:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2019ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ انسان دوست ادارے اور اشخاص خصوصی افراد کی زندگیوں کو آسان بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور ان کے فلاحی کاموں کی وجہ سے خصوصی افراد کی زندگیوں کو آسان بنایا جاسکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو ڈسٹرکٹ اسپتال ٹنڈو محمد خان میں مقامی این جی او کی جانب سے خصوصی افراد میں راشن کے تھیلے، وہیل چیئرز اور عید کے کپڑے تقسیم کرنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے رکن سید اعجاز شاہ، ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان یاسر بھٹی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مقبول ملاح، ایم ایس ڈاکٹر سید منظور شاہ اور پرنسپل پیر نیاز جان سرہندی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں 25 خاندانوں میں راشن کے تھیلے، پانچ وہیل چیئرز اور متعدد افراد میں عید کے کپڑے تقسیم کئے گئے۔ سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ معذوری کو کمزوری تصور نہیں کرنا چاہیے بلکہ اس کو قوت ارادی اور ہمت کے ذریعے طاقت میں تبدیل کر دینا چاہیے اور معاشرے کے دیگر افراد کی اخلاقی ذمداری ہے کہ وہ ان خصوصی افراد کو اپنا کام آزادانہ طور کرنے میں ان کی ہمت بڑھائیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ قدرت نے ان خصوصی افراد کو بہت صلاحیتوں سے نوازا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان صلاحیتوں کو ابھارنے میں ہم ان کی مدد کریں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے بتایا کہ حکومت سندھ کے زیر اہتمام متعدد بحالی کے مراکز کام کررہے ہیں اور ہم ان کے دائرہ کار میں ڈونرز کے تعاون سے توسیع دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے لیے خصوصی قومی شناختی کارڈ کا اجرائ ممکن بنایا گیا ہے۔ سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کے لئے کاوشیں جاری ہیں اور نجی اور سرکاری شعبوں میں خصوصی افراد کے لیے مختص پانچ فیصد کوٹے پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی بھی کوشش جاری ہیں

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں