رینجرزنے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرکارروائی کرتے ہوئے 2انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلرز محمد خالد عرف مودی اور معراج الدین عرف ماجوکو گرفتار کرلیا

ہفتہ 18 مئی 2019 22:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2019ء) پاکستان رینجرزسندھ نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرفائر بریگیڈ ناظم آباد اور سیکٹرایف11نیو کراچی کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 2انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلرز محمد خالد عرف مودی اور معراج الدین عرف ماجوکو گرفتار کرلیاہے،جن کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔ ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، کھالیں چھیننے، زبردستی فطرانہ اکٹھا کرنے، فائر نگ، شٹر ڈائون ہڑتالیں کروانے اور روڈ بلاک کرنے میں ملوث ہیں۔

ترجمان رینجرزکے مطابق ملزم محمد خالد عرف مودی نے دوران تفتیش بتایا کہ 1990 میں ملزم نے ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کی اور یونٹ نمبر137A نارتھ کراچی کا ممبر رہا۔بعدازاں ملزم 2012 میں سیکٹر ممبر بن گیا۔ترجمان کے مطابق ملزم سر سید تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر عرفان حیدر اور نیو کراچی تھانہ کے سینئر انویسٹی گیشن آفیسرشہباز علی کے قتل میں ملوث ہے۔

(جاری ہے)

2008 میں ملزم شاہ نواز بھٹو کالونی نارتھ کراچی میں ایم کیو ایم اور اے این پی کے درمیان پانی کی پائپ لائن پر جھگڑے میں شامل تھا جس کے نتیجے میں دونوں پارٹیوں کے 2،2ممبران مارے گئے تھے جبکہ سندھ رینجرز کے بھی دو جوان زخمی ہوئے تھے۔1990 سے 2013 تک ملزم پارٹی کے لیے بھتہ وصولی،فطرانہ اور زکو وصولی، ہوائی فائرنگ، ہڑتالوں کے دوران جبری دکانیں بند کروانے، کھالیں چھیننے، وال چاکنگ اور روڈ بلاک کرنے میں ملوث رہا ہے۔

ملزم ایک ایف آئی آر میں نامزد ہے۔ترجمان کے مطابق ملزم معراج الدین عرف ماجونے دوران تفتیش بتایا کہ 2011 میں ملزم نے ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کی اور یونٹ نمبر33F ایوب گوٹھ گڈاپ ٹائون کا ممبر رہا۔ بعدازاں ملزم یونٹ نمبر142 سیکٹر 11F نیو کراچی کا ممبر بن گیا۔ملزم معراج الدین عرف ماجو عبداللہ عرف ڈاکٹر(پی ایم ایل ایف)اور اختر گبول کے قتل جبکہ زاہد احمد، عبدالستار، عبدالجبار اور علی مراد خشک کو زخمی کرنے میں ملوث ہے۔

ملزم احسن آباد گڈاپ ٹائون میں30پلاٹوں پر چائنہ کٹنگ میں ملوث ہے۔2011 سے 2013 تک ملزم پارٹی کے لیے بھتہ وصولی،فطرانہ اور زکواة وصولی، ہوائی فائرنگ، ہڑتالوں کے دوران جبری دکانیں بند کروانے، کھالیں چھیننے، وال چاکنگ اور روڈ بلاک کرنے میں ملوث رہا ہے۔ملزم چار ایف آئی آرز میں نامزد ہے۔ترجمان کے مطابق ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ،رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں