عدالت نے صدرِ مملکت کو طلب کر لیا

سندھ ہائیکورٹ صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے جواب جمع نہ کروانے پر برہم، 12 جون کو طلب کر لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 21 مئی 2019 12:24

عدالت نے صدرِ مملکت  کو طلب کر لیا
کراچی اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مئی 2019ء) : سندھ ہائیکورٹ میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔صدر مملک کی جانب سے جواب جمع نہ کروانے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عارف علوی کو 12 جون کو طلب کر لیا ہے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے دوران سماعت ریمارکس دئیے کہ جواب جمع کروائیں پھر دیکھیں گے۔

واضح رہے سندھ ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عارف علوی کے صدرِ مملکت منتخب ہونے کے خلاف دائر درخواست کو فوری سماعتکے لیے منظور کیا تھا ۔درخواست گزار عظمت ریحان نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر عارف علوی نے عدالتی ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کی۔انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر عارف علوینے 1977 سے عدالت میں زیرِ سماعت کیس میں 3 مرتبہ اپنا حلف نامہ جمع کروایا اور انہوں نے تینوں مرتبہ اس میں غلط بیانی کی۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا کہ ڈاکٹر عارف علوی نے دستاویزات جمع کرواکر ہاکس بے پر 1810 ایکڑ زمین کے کیس کا فیصلہ اپنے حق میں کروایا تھا، اور وہ ایک ٹرسٹ کے شریک ٹرسٹی بھی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ ہائی کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس نے ڈاکٹر عارف علوی کے خلاف حکم نامہ جاری کیا تھا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالتی ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کرنے ولا شخص پاکستان کا صدر نہیں بن سکتا۔

سندھ ہائی کورٹ نے عظمت ریحان کی درخواست کو فوری سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریقین کو یکم جنوری تک جواب جمع کروانے کا حکم بھی دیا تھا۔درخواست کی سماعت پر عارف علوی کو کئی بار طلب کیا گیا تاہم ان کی طرف سے کوئی جواب جمع نہ کروایا گیا جس پر آج عدالت نے برہمی کا اظہار کیا/۔عظمت ریحان نے اپنی درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) اور دیگر کو فریق بنایا ہے۔

خیال رہے کہ 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں ڈاکٹر عارف علوی 352 الیکٹورل ووٹ حاصل کرکے پاکستان کے 13 ویں صدر منتخب ہوئے تھے۔پاکستان تحریک انصافکے ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کے 13 ویں صدر کے عہدے کا حلف 9 ستمبر کو اٹھایا تھا۔ان سے قبل مسلم لیگ(ن) کے ممنون حسین صدارتی مدت پوری ہونے کے بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں