ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے لیے بُری خبر

ڈالر کی قیمت میں پانچ روپے تک کی کمی ہو سکتی ہے۔ چیئرمین ایکسچینج کرنسی ایسوسی ایشن نے خوشخبری سنا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 25 مئی 2019 13:05

ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے لیے بُری خبر
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 مئی 2019ء) : ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے لیے بُری خبر ہے کہ ڈالر کی قیمت میں 5 روپے تک کی کمی ہو سکتی ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین ایکسچینج کرنسی ایسوسی ایشن ملک بوستان نے کہا کہ آئندہ دنوں میں ڈالر کی قیمت 5 سے 6 روپے مزید کم ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے قوم سے اپیل کی تھی کہ ڈالر کا بائیکاٹ کریں جس کے بعد عوام نے ڈالر بیچنا شروع کر دیئے۔

چئیرمین ایکسچنج کرنسی ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ گذشتہ دو روز سے اوپن اور انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی ہوئی، ڈالر کی قدر میں کمی سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔ جمعہ کو ڈالر 53 پیسے سستا ہو کر انٹر بینک میں 150.91 اور اوپن مارکیٹ میں 151.70 روپے پر بند ہوا۔ حالانکہ منگل 21 مئی کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 153 پر پہنچ گیا تھا۔

(جاری ہے)

عوام نے ذخیرہ کیے گئے ڈالر مارکیٹ میں واپس کرنا شروع کر دیے ہیں۔ اس باعث ڈالر کی مانگ میں کمی ہوئی اور روپے کی قدر میں اضافہ ہونے لگا ۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز ایک ہی دن میں قیمت میں دو مرتبہ کمی دیکھنے میں آئی تھی۔ انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی قیمت 150 روپے 91 پیسے تک آگئی تھی ۔معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق سعودی عرب سے اُدھار تیل ملنے کی خبر کے باعث توقع کی جارہی ہے کہ مستقبل میں روپے پر دباؤ مزید کم ہو گا۔

لیکن دوسری جانب کچھ معاشی ماہرین کے مطابق ڈالر کی قیمت میں کمی اور پیسے کی قدر میں استحکام صرف وقتی ہے کیونکہ بجٹ کے بعد ڈالر کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر سے اُتار چڑھاؤ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے تجزیہ کار صابر شاکر نے بھی کہا کہ ڈالر کی قیمت میں بجٹ کے بعد اضافے کا امکان ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں