رمضان المبارک جسمانی وروحانی تمام امراض کے علاج اور شفا کا مہینہ ہے،نائب امیرجماعت اسلامی سندھ

مسلمان طاغوتی اور باطل نظام کی پیروی کرنے کی بجائے اللہ کے نظام اور سنت رسولؐ پر عمل پیراہوں تو تمام مشکلات سے نجات مل جائے گی،حافظ نصراللہ عزیر

اتوار 26 مئی 2019 17:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2019ء) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک جسمانی وروحانی تمام امراض کے علاج اور شفا کا مہینہ ہے، روزہ صرف گناہوں کی ڈھال نہیں بلکہ اس میں صحت کا بہت بڑا راز بھی چھپا ہوا ہے،ایسے مقدس اور بابرکت مہینے میں بھی حکمرانوں خود کو نیب زدہ اور عوام کو ایڈز زدہ بنادیا ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے مشرف کالونی میں دعوت افطار اور ناظم آبادنمبر 2میں تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی طور پر سیکولر اور لادین حکمران قرآن کے فلسفے اور رمضام المبارک کے پیغام سے ناآشنا ہیں، ان لوگوں کی دعوت افطار بھی ثواب کیلئے نہیں بلکہ اپنی سیاسی مفادات کی تکمیل کیلئے ہوتی ہیں، ماہ مبارک میں تو مسلسل رب ذوالجلال کی طرف سے یہ منادی سنائی جارہی ہے کہ ظلم اور استحصال کرنے اور سہنے والے انسانوں لوٹ آئو اپنے رب کی طرف ، اپنے گناہوں پر ندامت کے آنسو بہائو،توبہ واستغفار کرو میں تمہیں جہنم کی آگ سے نجات اور جنت کے دروازے کھولنے کے ساتھ دنیا کی تمام آفات اور ایڈز جیسی بیماریوں سے بھی نجات دلادوں گا۔

(جاری ہے)

انسان کی بقا اور سلامتی کا ضامن صرف اللہ کے دین اور نبی مہربانؐ کی سنت پر عمل پیرا ہونے میں ہے،آج دنیا خصوصاً مسلمان اللہ کے دین کو چھوڑ کر شیطان اور مغربی تہذیب کے پیروکاری میں مصروف ہے جس کی وجہ سے مہنگائی، بیروزگاری، دہشتگردی، قتل وغارتگری اور ایڈز جیسی موذی امراض کی یلغار اور ہر طرف تباہی نظرآرہی ہے اور انسان سسک رہا ہے ، اللہ تبارک وتعالیٰ نے دنیا اور آخرت کی کامیابی صرف اپنے دین اور سنت رسولؐ کی پیروی کرنے میں رکھی ہے اسلئے مسلمانوں کیلئے اب بھی وقت ہے کہ وہ طاغوتی اور باطل نظام کی پیروی کرنے کی بجائے اللہ کے بابرکت نظام حیات پر یکسوئی اور دل جمعی کے ساتھ عمل پیرا ہوجائیں تاکہ ان پر نازل کردہ تمام مشکلات ختم اور دنیا وآخرت کی بھلائی ان کا مقدر بن جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں