صوبائی وزیر اقلیتی امور نے گرونانک دربار کراچی میں 60 کے وی جنریٹر کی انسٹالیشن کا افتتاح کر دیا

اتوار 26 مئی 2019 17:25

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2019ء) صوبائی وزیر اقلیتی امور ہری رام کشوری لال نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری کے املاک پر قبضے کئے گئے ہیں۔ سکھ, ھندو اور پارسی برادری کی عبادت گاہوں کو مسمار کر کے بڑی بڑی عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں۔ اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رات سوامی نارائن مندر کے احاطے میں قائم گرو نانک دربار میں محکمہ اقلیتی امور کی جانب سے دئے گئے 60 کے وی جنریٹر کی انسٹالیشن کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سندھ حکومت نے صوبائی اویکیو ٹرسٹ بورڈ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے، جس کے مسودے کی منظوری سندھ کابینہ نے دے دی ہے جلد منظوری کے لئے اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ سندھ اویکیو ٹرسٹ بورڈ کے قیام کے بعد وقف املاک سندھ حکومت اپنے قبضے میں کر لے گی۔

(جاری ہے)

جس کے بعد اقلیتی عبادت گاہوں کی دیکھ بھال اور ان کی خدمت بہتر طریقے سے ہو سکے گی۔ صوبائی وزیر نے دربار کے لئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ایمبولینس اور بس کی خریداری کے لئے رقوم مختص کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے کہا کہ نان مسلم کو اقلیت کہنا نامناسب ہے وہ اس ملک کے برابر کے شہری ہیں اور ہمارے ملک کا آئین انہیں مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، کو چیئرمین آصف علی زر داری کی ہدایت پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نان مسلم کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں۔

اس موقع پر سکھ برادری نے مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں بسنے والی سکھ برادری کو دیگر اقلیتوں کی طرح اسمبلیوں میں نمائندگی دے اور سندھ حکومت کراچی میں سب سے بڑے گردوارے کی تعمیر کے لئے کلفٹن, ڈفینس یا کینٹ کے علاقوں میں زمین فراہم کرے۔ تقریب میں گرونانک دربار کراچی کی مئنجنگ کمیٹی کے صدر سریش پیسوانی, پیٹرن چیف سردار رمیش سنگھ , نائب صدر جواھر لعل, جنرل سیکریٹری کیلاش کمار, سرجیت کمار, نانک رام, ڈائریکٹر محکمہ اقلیتی امور سندھ مشتاق سومرو و دیگر نے بھی شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں