م* کراچی سرکلر ریلوے ٹرانسپورٹ کے ستائے عوام کی اولین ضرورت ہے،عبدالحاکم قائد

اتوار 26 مئی 2019 20:16

پ*کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2019ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے کہا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کے ستائے ہوئے عوام کی اولین ضرورت ہے ۔صوبائی اور وفاقی حکومت کراچی سرکلر ریلوے چلانے کے معاملے پر ذمہ داری ایک دوسرے کے کندھو ںپر عائد کرکے کراچی کے عوام سے سنگین مذاق کررہی ہیں ۔

یہ سلسلہ بند کیا جائے ۔ بیجنگ معاہدے کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتیں مثالی کوآرڈی نیشن کے ذریعے کراچی کے عوام کی ترقی اور خوشحالی سے جڑے ہوئے اس اہم منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں ۔ کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ میں پہلے ہی کئی برسوں کی تاخیر ہوچکی ہے ۔اب اس منصوبے پر سیاست کرنے اور اسے سیاسی اکھاڑہ بنانے کے بجائے کراچی کے عوام کے ووٹوںکا احترام کیا جائے ۔

(جاری ہے)

پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں عبدالحاکم قائد نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی جانب سے سرکلر ریلوے کے اجراء کی ذمہ داری حکومت سندھ پر ڈالنے اور سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ کی جانب سے سرکلر ریلوے کو وفاق کی ذمہ داری قرار دینے کے بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کیا وفاقی اور صوبائی حکومت نے کراچی کے عوام کے اس اہم ترین منصوبے کو ’’ کھلونا ‘ سمجھ رکھا ہے ۔

اخباری بیان بازی کے بجائے اس منصوبے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں ۔ کراچی کے عوام منی بسوں ،ٹوٹی پھوٹی بسوں ،خراب کوچز اور چنگ چی میں اذیت ناک طریقے سے سفر کرنے پر مجبور ہیں ۔کراچی سرکلر ریلوے کو جدید طریقے سے چلانے کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کے بجائے یوں لگتا ہے کہ اپنے گلے سے بلا اتاری جارہی ہے اور عوام کو سفر کی اچھی سہولت کی فراہمی کے سلسلے میں مجرمانہ پہلوتہی کی جارہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں