شہری کراچی کو اُون کریں تو حالات میں بہتری آئے گی ، چیئرمین بلدیہ وسطیٰ ریحان ہاشمی

اتوار 16 جون 2019 22:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2019ء) پرائیویٹ سیکٹر اور این جی اوز کا بلدیہ وسطی کی جانب دست تعاون بٹرھانا خوش آئند بات ہے کیونکہ کراچی کے لوگوں کو یہ احساس ہے کہ حکومت سندھ کراچی کی ترقی کے لئے جائز فنڈ دینے کے لئے کسی طور تیار نہیں اب کراچی کے شہریوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کراچی اور ضلع وسطی کو اُون کریں تا کہ منتخب بلدیاتی نمائندے عوام کے تعاون سے ترقی کا سفر جاری رکھ سکیں ۔

ان خیالات کا اظہار چیئر مین بلدیہ وسطی ریحا ن ہاشمی نے یونین کمیٹی نمبر 22 اور 23 نارتھ ناظم آباد میں صفائی ستھرائی اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین ، یونین کمیٹی نمبر 22 کے وائس چیئرمین مستفیض فاروقی دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین ریحان ہاشمی نے کہا کہ عوامی خدمات کی فراہمی کے لئے ہمیں اپنی عوام کا تعاون درکار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وسائل کی کمی کی وجہ سے ہم ضلع وسطی میں مرحلہ وار ماڈل سٹرکوں کی تعمیر کر رہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ نارتھ ناظم آباد جیم خانہ جانے والی سڑک کی طرز پر ضلع وسطی میں مزید سڑکوں کی تعمیر کریں کہ جس میں اسٹریٹ لائٹس سڑک کے درمیان لگائی گئی ہیں جس سے سڑک کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ روشنی کا پھیلاؤ زیادہ ہو رہا ہے ۔ چیئر مین بلدیہ وسطی نے کہا کہ بلدیاتی مسائل کے حل کے لئے بلدیہ وسطی کی انتظامیہ ہر یونین کمیٹی میں بلا امتیاز خدمات فراہم کر رہی ہے۔

واضع رہے کہ بلدیہ وسطی کی انتظامیہ نے کام کی رفتارکو تیز کرنے کے لئے اپنی مدد آپ کے تحت روڈ کٹر،ڈرل مشینز، ہینڈ آپریٹنگ رولرز،خریدے ہیں جو ہیوی مشینریز کے ساتھ ساتھ کام کر رہے ہیں اور ان کے ذریعے گنجان آباد علاقوں میں عوامی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جارہاہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں