پیپلز پارٹی رہنما شرجیل میمن کی ضمانت منظور ، عدالت نے جیل سے رہا کرنے کا حکم دیا

عدالت نے ملزم کو 50 لاکھ روپے کی زرضمانت جمع کروانے کا حکم بھی دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 25 جون 2019 10:27

پیپلز پارٹی رہنما شرجیل میمن کی ضمانت منظور ، عدالت نے جیل سے رہا کرنے کا حکم دیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 جون 2019ء) : پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کی ضمانت منظور کر لی گئی جس کے بعد عدالت نے ملزم کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے چھ ارب روپے کے کرپشن ریفرنس میں سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کی درخواست ضمانت منظورکرلی۔ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس کریم خان آغا اور جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بنچ نے فیصلہ سنایاہے۔

عدالت نے شرجیل انعام میمن کی درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے انہیں جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ شرجیل میمن کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ شرجیل میمن 2017ء سے جیل میں ہیں کیس کے میرٹ پر درخواست دائر کی ہے، اتنے عرصے میں شرجیل میمن کے خلاف 50 گواہوں میں سے صرف 3 گواہوں نے بیان قلمبند کروایا۔

(جاری ہے)

میرے مؤکل پر اشتہارات مہنگے دینے کا الزام ہے۔

وفاقی حکومت کی اشتہارات کی نئی لسٹ کے مطابق اشتہارات کےنرخ پہلے سے بھی کہیں زیادہ ہیں۔ عدالت نے شرجیل میمن کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے اورملزم کو 50 لاکھ روپے کی زرضمانت جمع کروانے کا حکم بھی دیا ۔ یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو نے شرجیل انعام میمن سمیت 12 ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس جمع کروایا تھا، جس میں ان پر لگ بھگ پونے چھ ارب روپے سے زائد کی کرپشن کا الزام عائد کیا گیا۔

ان پر الزام ہے کہ انھوں نے وزرت اطلاعات و نشریات میں بطور وزیر محکمے کے افسران اور اشتہاری کمپنیوں کے گٹھ جوڑ سے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو اشتہارات کی مد میں رقوم جاری کر کے بدعنوانی کی۔ ریفرنس میں 17 ملزمان نامزد ہیں۔ ملزمان کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے۔ ریفرنس میں سابق سیکرٹری انفارمیشن ذوالفقار شلوانی سمیت 13 ملزمان جیل میں ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل چیف جسٹس احمد علی شیخ اور جسٹس کے کے آغا نے شرجیل میمن کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں