سندھ سیکریٹیریئٹ میں ’ سندھ ریسکیو اور میڈیکل سروسز ‘ کا اجراء

سندھ سیکریٹیریئٹ میں آج سندھ ریسکیو اور میڈیکل سروسز کا باقاعدہ اجراء کردیا گیا ہے

بدھ 26 جون 2019 11:56

سندھ سیکریٹیریئٹ میں ’ سندھ ریسکیو اور میڈیکل سروسز ‘ کا اجراء
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون2019ء) سندھ سیکریٹیریئٹ میں آج سندھ ریسکیو اور میڈیکل سروسز کا باقاعدہ اجراء کردیا گیا ہے۔ سندھ حکومت نے اس منصوبے کا اجراء امن ہیلتھ کیئر سروس کے تعاون سے کیا ہے۔ صوبائی وزیر برائے صحت و بہبود آبادی ، حکومت سندھ، ڈاکٹر عذرا پیچھو نے فیتا کاٹ کر حال ہی میں برانڈ کی گئی ایمبولینسز کا افتتاح کیا۔

اس طرح کراچی میں حکومت کی سرپرستی میں چلنے والی اولین لائف سیونگ ایمبولینس سروس باقاعدہ متعارف کروادی گئی ہے جو مریضوں کو بغیر کسی ادائیگی کے دستیاب ہوگی۔ اس اقدام سے سندھ حکومت کے کراچی کے شہریوں کو معیاری اور مفت ایمرجنسی طبی سہولت فراہم کرنے کے وعدے کی تکمیل ہو گئی ہے۔

سندھ حکومت نے 60 ایمبولینسز پر مشتمل امن ایمبولینس کے فلیٹ کو باقاعدہ تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی اکتوبر 2018میں کروائی تھی۔

(جاری ہے)

تب سے لے کر اب تک ایمبولینس سروس کی بروقت فراہمی کے باعث 74,776 لوگوں کی زندگیاں بچائی جا چکی ہیں۔سندھ حکومت کی ان ایمولینسز میں،جن کو آج سے باقاعدہ طور پر سندھ ریسکیو اور میڈیکل سروسز کا نام دے دیا گیا ہے، اس عرصے کے دوران گیارہ بچوں کی بحفاظت ولادت ہو چکی ہے۔ صوبائی حکومت کراچی کی بیس کروڑ افراد پر مشتمل آبادی کی ضروریات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ایمبولینسوں کی تعداد 200 کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔



سندھ پیپلز ایمبولینس سروس کے نام سے لائف سیونگ ایمبولینسز کی سہولت ٹھٹہ اور سجاول ڈسٹرکٹ میں دستیاب ہے جس کے تحت 2017 سے 25 لائف سیونگ ایمبولینسز چلائی جا رہی ہیں۔گذشتہ دو سالوں میں 51,120 افراد کی زندگی بچانے کیلئے ایمبولینس کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے جبکہ صحت مراکز کی طرف جاتے ہوئے ایمبولینس کے اند ر 151بچوں کی بحفاظت ولادت ہو چکی ہے۔



صوبائی وزیر نے عوام کو مثالی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ” آج کا دن کراچی کے لوگوں کیلئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ اقدام سندھ کے لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کے صوبائی حکومت کے وعدے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہم جلد سے جلد زندگی بچانے والی ایمبولینس سروس کی سہولت کے دائرہ کار کو سند ھ کے تمام اضلاح تک پھیلانے کے لئے کوشاں ہیں ۔



امن فاؤنڈیشن کے سی ای او ، مجاہد خا ن نے بھی سندھ ریسکیو اور میڈیکل سروسز کے اجراء پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہون نے کہا ” ہم کراچی اور سندھ میں عالمی معیار کی ایمرجنسی میڈیکل سروسز کی فراہمی کا موقع فراہم کرنے پر سندھ حکومت کے مشکور ہیں۔ آج کے دن ہم نے امن فاؤنڈیشن کے قیام کی سوچ پر درست عمل درآمد کی سمت ایک اہم قدم اُٹھایا ہے۔

ہمارا عزم یہی تھا کہ کم سہولت والے طبقے کے لئے عوامی سروس کا آغاز کریں اور اس کو اسٹریٹجک اشتراک کی بدولت مزید فروغ دیں۔ “

اس تقریب میں سیکریٹری صحت اور وزارت صحت کے دیگر سینئر افسران کے ساتھ ساتھ امن ہیلتھ کیئر کی سی ای او اور ٹیم کے سینئر ممبران بھی شریک تھے۔

 سندھ ریسکیو اور میڈیکل سروسز کے تحت چلنے والی ایمبولینسز کو امن فاؤندیشن کی قابل ٹیم ہی چلائے گی اور عوام کی فلاح کے لئے کوالٹی کنٹرول اور تمام پروٹوکولز پر اپنے دس سال کے تجربے کی روشنی میں عمل جاری رہے گا۔



ماضی کی طرح اب بھی اس ہسپتال تک پہنچنے سے پہلے طبی امداد فراہم کرنے کی سہولیات سے لیس اس ایمبولینس کی سہولت سے 1021پر ڈائل کر کے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ ماضی کے طریقہ کار اور عالمی بیسٹ پریکٹسز کی روشنی میں یہ سروس کی فراہمی میں کراچی بھر سے ان مریضوں کو زیادہ ترجیح دے گی جن کی زندگی کو شدید خظرہ لاحق ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں