وزیر اعلیٰ سندھ نے ایران کے دورے کے دوران گورنر جنرل خراساں کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کئے

جمعہ 12 جولائی 2019 00:04

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2019ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے ایران کے دو روزہ دورے کے دوران گورنر جنرل خراسان رضوی کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کئے اور باہمی تجارت، سیاحوں اور ثقافتی وفود کے تبادلے اور زرعی و صنعتی اور انجینئرنگ کی ریسرچ کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے 9 تا10 جولائی2019 ء ایران کے دورے کے دوران مشہد میں مقدس مقامات اور مزارات پر بھی گئے۔ انہوں نے خراسان کے گورنر جنرل علی رزم حسینی کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کئے۔ ایم او یو کے تحت دونوں اطراف سے اپنے نجی اور سرکاری شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ اور تمام علاقوں میں اعلی سطح پر سیاحوں کے تبادلوں سمیت دیگر امور پر آمادگی ظاہر کی گئی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ثقافت و فنون اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی آمادگی ظاہر کی گئی اور اس کے ساتھ ساتھ فوڈ فیسٹیول، پینٹنگ کے حوالے سے ورکشاپ، میوزک اور دیگر فنون کے شعبوں میں تعاون اور فروغ دینے پر بھی آمادگی کا اظہارکیا گیا۔ ایم او یو کے تحت وزیراعلی سندھ اور گورنر خراسان نے ابتدائی طورپر معاشی تعاون میں اضافے اور اپنی تجارتی ، زرعی ، صنعتی ، انجینئرنگ ، سائنٹیفک اور تحقیقی صلاحیتوں کو ایک دوسرے کے ساتھ استفادہ کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

انہوں نے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں شرکت کے حوالے سے سرمایہ کاروں کو خصوصی ترغیبات دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلی سندھ نے گورنر خراسان سے درخواست کی کہ وہ پاکستان کے لوگوں بالخصوص سندھ کے لوگوں کو جو کہ مقدس مقامات کی زیارت کے لئے ایران آتے ہیں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے ضروری اقدامات اٹھائیں۔

گورنر نے وزیر اعلی سندھ کو یقین دلایا کہ وہ پاکستانی زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔وزیر اعلی سندھ نے گورنر خراسان کو سندھ کے دورے کی دعوت دی جو کہ انہوں نے قبول کرلی۔ وزیراعلی سندھ امام رضا کے مقبرے پر بھی گئے اور مقبرے کے آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین احمد ماروی سے ملاقات کی۔ وزیراعلی سندھ نے آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین اور اراکین سے کہا کہ وہ پاکستان سے آنے والے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے احمد ماروی کو بھی سندھ کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ ایران کے دورے کے بعد آج صبح وطن واپس پہنچ گئے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں