انڈونیشیا ، باکسنگ چمپیئن شپ میں محمد بلال پاکستان کی نمائندگی کریںگے

پیر 15 جولائی 2019 22:50

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2019ء) ورلڈ باکسنگ کونسل کے تحت انڈونیشیا میں ہونیوالے سلور سپر لائٹ ویٹ ٹائٹل باکسنگ چمپیئن شپ میں پاکستانی باکسر محمد بلال پاکستان کی نمائندگی کریں گے، ورلڈ باکسنگ کونسل کے ایشیا سلور ٹائٹل میں محمد بلال کا مقابلہ WBCایشیا سلور چمپیئن Geisler AP سے ہوگا، انڈونیشیا میں20 جولائی کو منعقد ہونیوالے سپر لائٹ ویٹ چیمپئن ٹائٹل کے لئے پاکستانی باکسر محمد بلا ل کو پاکستان پروفیشنل باکسنگ فیڈریشن کے سربراہی اور گلیڈیس پرا ئیوٹ لمیٹڈ کا تعاون حاصل ہے۔

اس حوالے سے پیر کو کراچی پریس کلب میں گلیڈیس پرائیوٹ لمیٹڈ کے سی ای اوحسن محمود اور چیف آپریٹنگ آفیسر حسین محمود پروموٹر محمد جاوید اور کوچ کلیم احمد آزاد کے ہمراہ پاکستانی باکسر محمد بلال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ انڈونیشیا میں پاکستانی باکسر کی سلور سپر لائٹ ویٹ ٹائل میں شرکت پاکستان کیلئے کسی اعزاز سے کم نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ23 سالہ محمد بلال کا تعلق کراچی سے ہے ۔ انہوں نی30 نومبر2017ء سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور2017ء میں ہی ایک ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ سال2018ء میں3 ٹائٹل میں فاتح رہے اور 2019ء کو یہ دوسرا ٹائٹل کھیل رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ باکسر ڈاٹ کام کے ریکارڈ کے مطابق محمد بلال نے پاکستان میں باکسنگ کی6 فائٹ میں حصہ لیا اور تمام فائٹ میںکامیابی حاصل کی۔

انہوں نے بتایا کہ ورلڈ باکسنگ کونسل کی ورلڈ رینکنگ کے مطابق دنیا میں1688باکسر ہیں اور ایشیا میں محمد بلال کی14 ویں رینکنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی باکسر محمد بلال سلور سپر لائٹ ویٹ ٹائٹل کیلئے انڈونیشیا روانہ ہو رہے ہیں اگر محمد بلال ایشیا کا مقابلہ بھی جیت گئے تو ان کی ورلڈ رینکنگ بھی بڑھ جائے گی اور ان کا مستقبل روشن ہو جائے گا اس کے بعد وہ ورلڈ باکسنگ کونسل کے انٹرنیشنل ٹائٹل کے لئے کوالیفائی کریں گے۔

اس موقع پر پاکستانی باکسر محمد بلال کا کہنا تھا کہ ان کی دلی خواہش ہے کہ وہ اپنی جیت کا تسلسل انڈونیشیا میں بھی جاری رکھیں کیونکہ اللہ کی مہربانی سے کیرئیر کے آغاز سے مسلسل کامیابی سے ہمکنار ہوتا رہا ہوں۔ میری کامیابی حقیقت میں پاکستان کی کامیابی ہے اور اپنی ہر کامیابی کو میں پاکستان کے نام کرتا ہوں۔ میں پاکستان پروفیشنل باکسنگ فیڈریشن اور گلیڈیس پرائیوٹ لمیٹڈ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری حوصلہ افزائی کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں