بین الاقوامی برادری کراچی میں سرمایہ کاری کرکے ایک بڑی منڈی سے فائدہ اٹھائیں ،وسیم اختر

ان کے سرمائے کو ہر ممکن تحفظ اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا،میئر کراچی کا امریکا میں سسٹر سٹی کانفرنس سے خطاب

جمعہ 19 جولائی 2019 17:37

بین الاقوامی برادری کراچی میں سرمایہ کاری کرکے ایک بڑی منڈی سے فائدہ اٹھائیں ،وسیم اختر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2019ء) میئر کراچی وسیم اختر نے بین الاقوامی برادری سے کہا کہ وہ پاکستان خصوصاً کراچی میں سرمایہ کاری کرکے ایک بڑی منڈی سے فائدہ اٹھائیں ان کے سرمائے کو ہر ممکن تحفظ اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، پاکستان روشن خیال ملک اور جمہوری معاشرہ ہے۔ہم ترقی، امن و امان، خوشحالی، باہمی تجارت کے فروغ میں دنیا کے ساتھ قدم ملا کر چلنے کو تیار ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو امریکہ کے شہر ہوسٹن میں سسٹر سٹی انٹرنیشنل کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس کانفرنس سے دنیا کے 30ممالک کے 500 سے زائد مندوبین شرکت کررہے ہیں، افتتاحی اجلاس سے میزبان میئر ہوسٹن سیلوسٹر ٹرنر (Sylvester Turner) کے علاوہ آسٹریلیا، جرمنی، انڈونیشیا، کوریا، سائوتھ افریقہ اور دیگر ممالک کے بڑے شہروں کے میئرز اور نمائندوں نے بھی خطاب کیا، میئر کراچی وسیم اختر نے اپنے خطاب میں عالمی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان اور خصوصاً کراچی کا دورہ کریں جہاں امن و امان بہتر ہے اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، کراچی نہ صرف ریجن کا بڑا شہر ہے بلکہ دنیا کے 10 بڑے شہروں میں شامل ہے، وسطی ایشیائی ریاستوں، افغانستان کا گیٹ وے اور مشرق وسطیٰ کے قریب ترین ہونے کے باعث ایک بڑی تجارتی منڈی ہے کراچی کی دو بندرگاہ اور بین الاقوامی ایئر پورٹ سرمایہ کاروں کو جدید سہولتیں پہنچانے کیلئے کافی ہیں، انہو ںنے کہا کہ تین کروڑ آبادی کا شہر ہونے کے باعث کراچی خود ایک بڑی منڈی ہے اور سرمایہ کاروں کے لئے وسیع منافع کمانے کے موقع موجود ہیں، سی پیک کے بعد اس میں کوئی شک نہیں رہنا چاہئے کہ پاکستان تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ترقی یافتہ ممالک کی صف شامل ہوچکا ہے، حکومت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو وہ تمام سہولتیں مہیا کرنے کیلئے تیار ہے جو کسی اچھے تجارتی مرکز میں مل سکتی ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان جدید اور روشن خیال ملک اور ایک جمہوری معاشرہ ہے جہاں دلائل کو اہمیت دی جاتی ہے جمہوری طریقہ کار سے تیسری بار حکومت کی تبدیلی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط اور جمہوری معاشرہ پنپ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان امن و امان کی بحالی اور ترقی کے سفر میں دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کے لئے تیار ہے اور تمام جدید تقاضوں کو مد نظر رکھ کر ترقی کررہا ہے لہٰذا دنیا کو پاکستان کے بارے میں کسی منفی پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہونا چاہئے بلکہ حکومت کی کوششیں ہیں ان کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے بارے میں بین الاقوامی برادری کو مثبت رائے قائم کرنی چاہئے، انہو ںنے کہا کہ ہم کراچی کی رونق کو دکھانے ہوسٹن آئے ہیں تاکہ اس کانفرنس کے ذریعہ دنیا کو بتا سکیں کہ کراچی کی انتظامیہ کس طرح ان کو سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرے گی، وسیم اختر نے کہا کہ خطہ کا اہم ملک ہونے کے باعث پاکستان کی کوشش ہے کہ تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات قائم ہوں، افغانستان سمیت دنیا کے تمام ممالک اور خصوصاً جنوبی ایشیا میں پرامن ماحول اور ترقی کا سفر تیز ہو تاکہ وہاں کے عوام کا معیار زندگی بلند اور غربت کا خاتمہ ہو اس کے لئے ہمارا ملک دنیا کی ہرمثبت آواز کے ساتھ آواز ملانے کے لئے تیار ہے، ہوسٹن میں ہونے والی اس انٹر نیشنل کانفرنس کا پیغام محبت دنیا بھر میں جائے گا، انہوں نے ہوسٹن کے میئر سے کہا کہ کراچی ہوسٹن کا سسٹرسٹی ہونے کے باعث کراچی کے طلبہ کے لئے ہوسٹن کے تعلیمی اداروں میں اسکالرشپ میں اضافہ کیا جائے تاکہ ہمارے طالب علم جدید علوم سے واقف ہوسکیں، دونوں شہروں کے درمیان تجارت کے فروغ میں تعاون بڑھایا جائے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی وسیم اختر نے پورے پاکستان اور خصوصاً کراچی کے عوام کی جانب سے ہوسٹن کے میئر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس پلیٹ فارم پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا موقع فراہم کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں