الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں کام کرنے والے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کا استحصال روکنے کے لئے موثر قانون سازی کی جائے گی

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی کراچی پریس کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو

پیر 22 جولائی 2019 23:25

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2019ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں کام کرنے والے صحافیوں اور کارکنوں کے استحصال کو روکنے کے لئے جلد موثر قانون سازی کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے پیر کو کراچی پریس کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی سے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میڈیا کی آزادی، صحافیوں اور میڈیا کی صنعت سے وابستہ افراد کی خود مختاری پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ قوانین میں اصلاحات لائی جائیں گی تاکہ نہ مالکان کارکنان کا استحصال کرسکیں اور نہ ہی کارکنان اپنے حقوق کا غلط استعمال کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ قوانین میں کمزوریوں کو دور کرنے کے علاوہ ایمپلائز اولڈ ایج بینفٹ انسٹیٹیوشن (ای او بی آئی) کے قوانین کو بہتر اور دائرہ کار کو بڑھا کر میڈیا ورکرز کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔ انہوں نے میڈیا ورکرز کے ہیلتھ انشورنس کے حوالے سے کہا کہ انہیں انصاف ہیلتھ کارڈ فراہم کرنے کے لئے جامع منصوبہ زیر غور ہے علاوہ ازیں میڈیا ورکرز وزیر اعظم کے ’’ احساس پروگرام ‘‘ میں بھی شامل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب کے ممبران کو گھر تعمیر کرنے کے حوالے سے بھی تعاون فراہم کیا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں