میڈیا سے منسلک افراد کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے میڈیا اکیڈمی کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی سی پی این ای کے نمائندگان سے گفتگو

پیر 22 جولائی 2019 23:25

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2019ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میڈیا سے منسلک افراد کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے میڈیا اکیڈمی کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ یہ بات انہوں نے پیر کو کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز(سی پی این ای) کے نمائندگان سے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا اکیڈمی کا قیام نہ صرف اس شعبے کی ضرورت ہے بلکہ یہ معاشرے کے لئے بھی ضروری ہے کیونکہ معاشرتی اقدار کو برقرار رکھنے کیلئے میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد کی پیشہ وارانہ مہارت اور صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے ٹریننگ ضروری ہے ۔ انہوں نے چین اور جاپان کے سفیروں سے اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس حوالے سے ٹیکنالوجی اور اسکلز کی ٹریننگ فراہم کرنے کے لئے تعاون کے خواہاں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کراچی پریس کلب کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا ورکرزدیگر عوامل کے علاوہ آجر اور اجیر کے درمیان غلط فہمیوںں کی وجہ سے متاثرہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیٹرز ہماری آنکھ اور کان ہیں جو وزارت اطلاعات و نشریات کو مضبوط کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عبوری ویج بورڈ ایوارڈ کا اعلان کیا جا چکا ہے اور اس حوالے سے تمام صحافی تنظیموں کو آن بورڈ لیا گیا تھا۔ انہوں نے سی پی این ای کے مطالبات کے حوالے سے چار رکنی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا، کمیٹی میں وزارت اطلاعات کے دو نمائندے جبکہ دو نمائندے سی پی این ای کے ہوں گے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایڈیٹرز کے جائز مسائل کے حل کے لئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں