موجودہ حکومت میڈیا کی صنعت کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے ، حکومت نے اشتہارات کے متعلق پالیسی کا مسودہ تیار کیا ہے ، مسودہ کو تمام متعلفہ فریقین کی آراء لینے کے بعد حتمی شکل دی جائے گی،

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے ارکان سے گفتگو

منگل 23 جولائی 2019 01:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت میڈیا کی صنعت کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور حکومت نے اشتہارات کے متعلق پالیسی کا مسودہ تیار کیا ہے جسے تمام متعلفہ فریقین کی آراء لینے کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں اے پی این ایس ہائوس میں آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی( اے پی این ایس ) کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے مختلف میڈیا ہائوسز کو 58 کروڑ روپے سے زائد کی ادائیگیاں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ میڈیا کی طرف سے تعمیری اور مثبت تنقید کو سراہا ہے کیونکہ اس سے کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے عامل صحافیوں اور میڈیا مالکان کی تمام نمائندہ تنظیموں پر زور دیا کہ وہ اشتہارات کی مجوزہ پالیسی میں سقم دور کرنے کے لئے ٹھوس تجاویز پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اشتہارات کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے اور حکومت علاقائی اور مقامی اخبارات کو اہمیت دیتی ہے۔ قبل ازیں اے پی این ایس کے سیکرٹری جنرل سید سرمد علی نے وزیراعظم کی معاون خصوصی کو پرنٹ میڈیا کو اشتہارات کے واجبات کی ادائیگی میں تاخیر اور سرکاری اور نجی شعبے کے اشتہارات میں کمی کی وجہ سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں