پاک سر زمین پارٹی نے پیر سے عوامی رابطہ مہم اور ممبر سازی مہم کا آغاز کرے گی، مصطفی کمال

تمام نامساعد حالات میں قوم اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ، حکومت پاکستان کو بھی بیک وقت سرحدی محاذ کے ساتھ معاشی محاذ پر بھی توجہ دینی چاہیے

ہفتہ 17 اگست 2019 21:07

پاک سر زمین پارٹی نے پیر سے عوامی رابطہ مہم اور ممبر سازی مہم کا آغاز کرے گی، مصطفی کمال
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2019ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاک سر زمین پارٹی پیر مورخہ 19 اگست 2019 سے عوامی رابطہ مہم اور ممبر سازی مہم کا آغاز کر رہی ہے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ بھارت ایک بزدل ملک ہے جو اپنے ایجنٹس کے زریعے چھپ کے وار کرتی ہے۔ لیکن پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے اور بات جب ملکی سالمیت کی ہو تو حکومت پاکستان کے ملکی مفاد میں ہر اقدام کی بھرپور حمایت کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار سید مصطفیٰ کمال نے پاکستان ہاؤس میں اراکین نیشنل کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا۔ اجلاس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ اس موقع پر سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ تمام نامساعد حالات میں قوم اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی لیکن حکومت پاکستان کو بھی بیک وقت سرحدی محاذ کے ساتھ معاشی محاذ پر بھی توجہ دینی چاہیے۔

(جاری ہے)

الزام تراشیوں سے نکل کر حکومت کو جامع معاشی حکمت عملی بنانی چاہیے، سابقہ حکومتوں کے احتساب کیلئے ادارے موجود ہیں ان کی کارروائیوں پر بیان بازی کر کے انہیں متنازع بنانے کے بجائے حکومت کو دستیاب وسائل کے بہترین استعمال پر بھرپور توجہ دینی چاہیے۔ عالمی منڈی میں پیٹرول 15 فیصد سستا ہوا ہے جبکہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 15 فیصد بڑھا دی گئی ہیں۔

افراطِ زر پاکستان کی 72 سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔ جتنا قرضہ گزشتہ حکومتوں نے 5 سال میں لیا اتنا قرضہ موجودہ حکومت گزشتہ 11 ماہ میں لے چکی ہے۔ انڈسٹری بند ہو رہی ہے، بے روزگاری عروج پر ہے، اشیاء خورد و نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ آٹا، دال، چینی، چاول غریبوں کی پہنچ سے دور ہو چکا ہے۔ حکومت کو عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ لڑنے کے لیے پاکستان کی معاشی حیثیت بہتر بنانی ہوگی تاکہ پاکستان کی اقوام عالم میں ساکھ بہتر ہو اور اس کا جائز موقف بہتر انداز میں سنا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں