پاکستان مسلم لیگ ن سندھ نے کراچی ڈویژن کے صدر انجینئر سلمان خان کوشوکاز نوٹس جاری کردیا

کراچی ڈویژن کی تنظیم کا اعلان پارٹی آئینی کی خلاف ورزی ہے اگر ہفتہ میں جواب نہ دیا تو پارٹی رکنیت معطل کردی جائے گی، اجلاس میں فیصلہ

اتوار 18 اگست 2019 22:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن سندھ نے کراچی ڈویژن کے صدر انجینئر سلمان خان کوشوکاز نوٹس جاری کردیاہے اور کہا ہے کہ کراچی ڈویژن کی تنظیم کا اعلان پارٹی آئینی کی خلاف ورزی ہے اگر ہفتہ میں جواب نہ دیا تو پارٹی رکنیت معطل کردی جائے گی۔ اتوار کون لیگ کا کراچی کے 6 اضلاع کے عہد یداران اور کراچی ڈویژن سے متعلق صوبائی نائب صدور وجوائنٹ سیکر یٹریز کا ایک اہم اجلاس ن لیگ سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کی صدرات میںمنعقد ہوا ۔

۔اجلاس میں قائم مقام جنرل سیکریٹری چوہدری محمد طارق ،امان آفریدی، ملک محمد تاج ، رکن قومی اسمبلی کھئیل داس کوہستانی،شہباز شیخ ،خرم بھٹی،، خالد شیخ،اور تمام اضلاع کے صدر جنرل سیکٹریز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کئی قراردادیں منظورکی گئی۔جس کے مطابق ن لیگ کے قائداور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو بلاجواز قید وبند میں رکھا گیا ہے، جنہیں فوری غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے ۔

اجلاس میں مریم نواز شریف کی گرفتاری کی پر زور مذمت کی اور اجلاس کے زریعے مطالبہ کیا گیا کہ مریم نواز ،حمزہ شہباز شریف،سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ،سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، راناثنااللہ، خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان کو فوری رہا کیا جائے۔اجلاس میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے پر امن کشمیریوں پر فائرنگ اور گرفتاریوں کی مذمتی قرار داد منظور کی گئی اور مطالبہ کیا کہ کشمیرکو آزادی اورخودمختیاری دی جائے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے جو حالیہ فیصلہ کیا ہے اور آرٹیکل 35 A اور 370 ختم کر کے اپنی جارحانہ پالیسی قائم رکھی ہے ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ن لیگ کراچی ڈویژن کے صدر انجیئنر سلمان خان نے پارٹی کے آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ۔ضلعی عہدیدار مقرر کئے جس کا انہیں آئینی اختیار نہیں ہے۔انہوں نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیاجس پر پارٹی نے نوٹس لیا ہے اور کراچی ڈویژن کے صدر کو شوکاز دیا ہے۔

جس کا ایک ہفتہ کے اندر جواب نہ ملنے کی صورت میں بنیادی رکنیت معطل کی جائے گی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کراچی ڈویژن کے صدر انجیئنرسلمان خان نے دوسرا انحراف یہ کیا ہے کہ جن لوگوں کی پارٹی رکنیت معطل ہے ان کی بحالی سے قبل انہیں کراچی ڈویژن میں عہدے دئیے جس کی شدید مذمت کی جاتی ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں