صوفیوں اور بزرگان دین کی دعائوں سے پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا

گورنر سندھ کی عبداللہ شاہ غازی ؒ کے 1289ویں عرس کی اختتامی تقریب میں شرکت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو

اتوار 25 اگست 2019 00:09

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے عبداللہ شاہ غازی ؒ کے 1289ویں عرس کی تین روزہ اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر برائے بلدیات سید ناصر حسین شاہ سمیت ممبران سندھ اسمبلی جمال صدیقی، علی عزیز، ضلعی انتظامیہ، محکمہ پولیس اور محکمہ اوقات کے افسران سمیت عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کرتے ہوئے ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی، ترقی اور استحکام کے علاوہ کشمیریوں کے لئے بھی خصوصی دعائیں مانگیں۔ اس موقع پر وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ صوفیائے کرام اور بزرگان دین کی دھرتی ہے اور صوفیوں کا پیغام انسانیت و محبت ہے، صوفیوں اور بزرگان دین کی دعائوں سے پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا، ہم سب پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کرتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ اور ملک میں مکمل امن وامان کے قیام اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لئے صوفیائے کرام اور بزرگان دین کی تعلیمات پر عملدرآمد ضروری ہے تاکہ باہمی اعتماد ، محبت اور اخوت کا پیغام عام ہوسکے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم پر دنیا کو توجہ دینا ہوگی، بصورت دیگر پورے خطے سمیت اقوام عالم پر مضر اثرات مرتب ہونے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ وقت دور نہیں جب کشمیری بھی آزاد فضائوں میں سانس لیں گے۔ بھارت کی کشمیریوں پر کئے جانے والے ریاستی ظلم و بر بریت سے اقوام عالم کے سامنے بھارت سرکار کا گھنائونہ چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہر جاحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور ہماری پاک فوج، دشمنوں کے نا پاک عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر فورم پر کشمیر کا مسئلہ اجاگر کررہی ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وفاق صوبہ کے ساتھ ہر ممکن مدد اور تعاون جاری رکھے گا۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ رواں سال وفاقی بجٹ سمیت تمام صوبوں کے بجٹ میں کٹوتی کی گئی ہے اور یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ وفاق کی جانب سے صوبہ سندھ کے ساتھ کسی بھی قسم کی کوئی زیادتی کی گئی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں