عالیہ بھٹ کا ’پراڈا‘ میڈم نورجہاں اور وائٹل سائنز کے گانوں کا چربہ

بھارتی بینڈ نے انتہائی بھونڈے پن سے ملکہ ترنم نورجہاں اور وائٹل سائنز کے گانے چوری کیے

اتوار 25 اگست 2019 12:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اگست2019ء) آج کل عالیہ بھٹ ایک بار پھر متنازعہ خبروں کی زد پر ہیں کیونکہ انہوں نے پہلی بار کسی غیر فلمی میوزک ویڈیو میں کام کیا ہے جو دراصل ملکہ ترنم نورجہاں اور وائٹل سائنز کے پرانے گانوں کا چربہ ہے۔تفصیلات کے مطابق یوٹیوب پر ’دوربین‘ بینڈ کی نئی میوزک ویڈیو ’پراڈا‘ ریلیز کی گئی ہے جس میں عالیہ بھٹ نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے۔

یہ پہلی غیر فلمی ویڈیو ہے جس میں عالیہ بھٹ نے کام کیا ہے۔ لیکن یہ کوئی اوریجنل ویڈیو نہیں بلکہ ملکہ ترنم نورجہاں کے 32 سال پرانے فلمی نغمے ’کالے رنگ دا پراندا‘ اور مشہور پاکستانی میوزیکل گروپ ’وائٹل سائنز‘ کے 27 سال پرانے گانے ’گورے رنگ کا زمانہ‘ کی بھونڈی نقل ہے۔

(جاری ہے)

’کالے رنگ دا پراندا‘ ملکہ ترنم نورجہاں نے 1980 کے عشرے میں پنجابی فلم ’مالکہ‘ کیلیے گایا تھا‘جبکہ ’گورے رنگ کا زمانہ‘ مرحوم جنید جمشید نے وائٹل سائنز کے سب سے پہلے میوزک البم کیلئے گایا تھا جو 1989 میں ریلیز ہوئی اور پاکستانی پاپ میوزک میں تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوئی‘انڈین بینڈ ’دوربین‘ کی پہلی مشہور میوزک ویڈیو ’لیمبرگینی‘ تھی‘لیکن یہ بھی مشہور پاکستانی گلوکارہ مسرت نذیر کے پنجابی گانے ’چٹّا ککڑ بنیرے تے‘ کا چربہ تھی‘اصل اور نقل سننے کے بعد قارئین خود اندازہ لگا سکتے ہیں کہ بھارتی موسیقاروں نے کس بھونڈے پن سے پاکستانی موسیقی کی چربہ سازی کی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں