وزیر اعظم عمران خان سیاحت کے فروغ میں بھر پور دلچسپی رکھتے ہیں، طلبا و طالبات کو اپنے خوابوں کی تعبیر کے لئے سخت محنت کرنا ہوگی

گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کوتھم کے پانچویں کانووکیشن سے خطاب

اتوار 25 اگست 2019 19:40

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اگست2019ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیرعظم عمران خان سیاحت کے فروغ میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو خوبصورت پہاڑ، لہلاتے ہوئے کھیت، بہترین دریا اور جنت نظر وادیاں دی ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ اس شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کی بہتر رہنمائی کی جائے، اس ضمن میں موجودہ حکومت اس شعبے کو فروغ دینے کے لئے عملی اقدامات اٹھار رہی ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالج آف ٹورزم اینڈ منیجمنٹ (کوتھم) کے پانچوں سالانہ کانووکیشن کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ملائیشیاء کے قونصل جنرل نصر عبد الرحمن، چیف ایگزیکٹیو آفیسر کوتھم پاکستان احمد شفیق، جنرل منیجر آواری ٹاورز اولیو فرانس، طلبا و طالبات ان کے والدین کے علاوہ ہوٹل اور ریسٹورینٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ گذشتہ ادوار میں سیاحت کی انڈسٹری ایک بحران کا شکار رہی ہے مگر اب دنیا بھر کے سیاح پاکستان کی جانب دیکھ رہے ہیں، پاکستان کے سیاحتی مقامات کی جانب بیرونی سرمایہ کاروں کا بڑھتا ہوا رجحان اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی بہت گنجائش موجود ہے۔ اس ضمن میں روراں برس بیس لاکھ سے زائد مقامی و بین الاقوامی سیاحوں نے شمالی علاقہ جات کا دورہ کیا۔

پورے ملک کی طرح شمالی علاقہ جات او ر دیگر سیاحتی مقامات میں امن و امان کے قیام کے بعد ان علاقوں میں سیاح بلا خوف و خطر آرہے ہیں اور یہ سب ممکن بنانے میں ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شب و روز کی محنت شامل ہے۔ قبل ازیں کوتھم کراچی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر صابر احمد نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس کانووکیشن میں 150 طلبہ و طالبات کو ٹریول ٹورازم ہوٹل منیجمنٹ اور شیف پروگرامز میں ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہوٹل اینڈ ٹورازم دنیا کی بہترین انڈسٹری ہے جو کہ تیزی سے ترقی کررہی ہے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ بھارت اس وقت کشمیریوں پر صدی کا بدترین ظلم و ستم ڈھا رہا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ دنیا کو اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ہر فورمز پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں اور انشااللہ جلد کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ حقیقت بن جائے گا۔

پورے عالم اسلام کو کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کوروکنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن پسند ہیں اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوم اس کا جواب دینے کی بھرپو ر صلاحیت رکھتی ہے۔ بین الاقوامی برادری کو بھی کشمیر یوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرنا چاہئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں