پی آئی اے کا حج آپریشن کامیابی سے مکمل ہوگیا،ائیر لائن کو کروڑوں روپے کی بچت ،وفاقی وزیر کی مبارکباد

اتوار 15 ستمبر 2019 18:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) پی آئی اے کا حج آپریشن کامیابی سے مکمل ہوگیا، حج آپریشن کے دوران قومی ایئر لائن کو کروڑوں روپے کی بچت ہوئی، وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے پی آئی اے کو مبارک باد پیش کی۔تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن نے حج آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا ہے، پی آئی اے نے حج آپریشن میں کوئی طیارہ لیز پر حاصل نہیں کیا، رواں سال پی آئی اے نے اپنے ہی طیاروں سے حج آپریشن مکمل کیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق پی آئی اے ماضی میں حج آپریشن کے لیے طیارے لیز پر حاصل کرتی تھی جس پر 2500 ڈالر فی گھنٹہ کرایہ ادا کرنا پڑتا تھا، رواں سال پی آئی اے کو حج آپریشن میں کروڑوں روپے کی بچت ہوئی ہے۔قومی ایئرلائن نے 300 حج پروازوں کے ذریعے 83 ہزار سے زائد حجاج کرام کو وطن پہنچایا، پی آئی اے نے کراچی، لاہور، اسلام آباد، ملتان، سیالکوٹ اور کوئٹہ کے لیے حج پروازیں آپریٹ کیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کامیاب حج آپریشن پر پی آئی اے کے سی ای او اور عملے کو مبارک باد پیش کی۔دوسری جانب پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے افسران و عملے کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ قومی ایئر لائن نے اپنے حج آپریشن کے دوران ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔پی آئی اے اے کے سی ای او نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ حج آپریشن اپنے ہی طیاروں سے مکمل کیا گیا، پی آئی اے نے حج آپریشن میں بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیارے استعمال کیے جس کی وجہ سے حجاج کرام کو وقت پر وطن پہنچانے کے ساتھ ساتھ ادارے کے ریونیو میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں