قائداعظم ٹرافی کے ابتدائی رائونڈ میں دوسرے روز کا کھیل مکمل ،سدرن پنجاب کے اوپنر سمیع اسلم کی شاندار ڈبل سنچری

سندھ کی جانب سے عابد علی کے ناقابل شکست 249 رنز،خیبرپختوانخوا ہ کے کپتان محمد رضوان نے 176 رنز بنائے

اتوار 15 ستمبر 2019 19:40

قائداعظم ٹرافی کے ابتدائی رائونڈ میں دوسرے روز کا کھیل مکمل ،سدرن پنجاب کے اوپنر سمیع اسلم کی شاندار ڈبل سنچری
لاہور/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) قائداعظم ٹرافی کے دوسرے روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری میچ میں سدرن پنجاب نے اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز 291 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ سے کیا توسمیع اسلم کی مزاحمت جاری رہی۔ اوپنر نے 410 گیندوں پر 243 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،ان کی اننگز میں 29 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔ سمیع اسلم قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے فرسٹ کلاس کرکٹ میچ میں بیٹ کیری کرنے والے 12ویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔

دوسری جانب عدنان اکمل 113 اور عامر یامین 64 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 467 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے وقاص مقصود نے 83 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ حسن علی نے 3، بلال آصف نے 2 اور ظفر گوہر نے 1 کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

جواب میں سنٹرل پنجاب نے 4 اوورز میں 17 رنز بنائے تھے کہ کم روشنی کے باعث میچ روک دیا گیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں روشنی بہتر ہونے پر سنٹرل پنجاب کے اوپنرز احمد شہزاد اور اظہر علی نے اننگز کا دوبارہ کیا اور دن کے اختتام تک ٹیم کا مجموعی اسکور 47 رنز تک پہنچادیا۔ آج پیر میچ کے تیسرے روز احمد شہزاد 22 اور اظہر علی 20 رنز سے اننگز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کے دوسرے روز سندھ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز سے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو عابد علی بلوچستان کی بالنگ کے سامنے ڈٹ گئے۔

انہوں نے میچ کے دوسرے روز 129رنز کا اضافہ کیا اور 249 رنز کے ساتھ ناٹ آٹ رہے۔ ان کی اننگزمیں 26 چوکے شامل تھے۔ میزبان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے 473 رنز 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر اننگز ڈکلیئر کردی۔ بلوچستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جبکہ عمران فرحت اور خرم شہزاد نے 1،1 کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں بلوچستان کی جانب سے امام الحق اور عظیم گھمن نے اننگز کا آغاز کیا۔

دن کے اختتام تک مہمان ٹیم نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 16 رنز بنائے ۔میچ کے تیسرے روز امام الحق 9 اور عظیم گھمن 6 رنز سے اننگز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔ناردرن اور خیبرپختوانخوا کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری میچ کے دوسرے روز خیبرپختوانخوا کے بلے بازوں نے مزید 183 رنز جوڑے۔ میزبان ٹیم نے 526 رنز پر اننگ ڈکلیئر کردی اور اس کے 9 کھلاڑی آئوٹ ہوئے تھے۔

کپتان محمد رضوان نے 22 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 176 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ عادل امین نے 73 رنز بنائے۔ ناردرن کرکٹ ٹیم کی جانب سے شاداب خان نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ صدف حسین، موسی خان، عماد وسیم اور محمد نواز نے 1، 1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جواب میں ناردرن کرکٹ ٹیم نے دن کے اختتام تک 1 وکٹ کے نقصان پر 109 رنز بنائے۔ آج میچ کے تیسرے روز حیدر علی اور عمر امین بالترتیب 56 اور 20 رنز سے خیبرپختوانخوا کی جانب سے اننگز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔

سدرن پنجاب اور خیبرپختوانخوا کی ٹیمیں میچ کی پہلی اننگ میں مقررہ 110 اوورز میں 400 رنز بنانے پر 5,5 اضافی پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں جبکہ سندھ کی ٹیم کو 3 پوائنٹس دئیے گئے۔ سندھ نے مقررہ 110 اوورز میں 301 رنز بنائے تھے۔ پی سی بی نے ڈومیسٹک سیزن 20-2019 میں قائداعظم ٹرافی کے لیے نیا پوائنٹس سسٹم متعارف کروا یا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں