لیاری کی تحریک پورے کراچی اور پاکستان کی تحریک ہے حافظ نعیم الرحمن

آج کراچی کچرے کا ڈھیر بناہوا ہے کچرے پر سیاست کرنے والوں کی سیاست ہی کچرا ہے، لیاری میں احتجاجی کیمپ سے خطاب

اتوار 15 ستمبر 2019 22:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ لیاری کی تحریک پورے کراچی اور پاکستان کی تحریک ہے،لیاری منی کراچی ہے،کراچی کی خوشحالی لیاری کی خوشحالی سے ہی وابستہ ہے،کرپٹ حکمرانوں نے 30سال سے لیاری کا استحصال کیا لیاری کو پیرس اور لندن بنانے کے دعویداروں نے لیاری کو کچھ نہیں دیا،حکمرانوں کی نااہلی و کرپشن کی وجہ سے آج کراچی کا نام کچراچی رکھ دیا گیا اور تمام پارٹیاں کراچی کے کچرے پر سیاست کررہی ہیں، کراچی میں کچرے پر سیاست کرنے والوں کی سیاست ہی کچرا ہے،لیاری کے حقو ق کے لیے لگائے گئے کیمپ کی حمایت کرتے ہیں اور اگر مسائل کے حل کے لیے وزیر اعلی ہاس جانا پڑا تو بھرپور شرکت کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری کو حقوق دو تحریک کے سلسلے میں لگائے گئے احتجاجی کیمپ کے چوتھے روز میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی و رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید، چیئرمین یوسی 6فضل الرحمن، وائس چیئرمین فرنٹیئر موڑ عبد الجلیل، نائب ناظم لیاری امین بلوچ، ناظم علاقہ اولڈ سٹی ایریا فتح محمد، جماعت اسلامی گارڈن کے ناظم فیصل میمن، پبلک ایڈکمیٹی کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے نگراں عمران شاہد، جواد شعیب اور جان محمد نے بھی خطاب کیا۔

احتجاجی کیمپ میں لیاری کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور حکومت کے خلاف پرجوش نعرے لگائے، کیمپ میں لیاری کے حقوق کے لیے بینرز آویزاں تھے جن میں تحریر تھا کہ لیاری کے آراو پلانٹس کی تباہی کے ذمہ دار کون ،بلدیاتی اداروں اور ڈی ایم سی ساتھ سے مطالبہ شاہ عبد اللطیف بھٹائی روڈ اور ٹینری روڈ کے ترقیاتی بجٹ کا حساب دو، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ،انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ،کے ایم سی، سوئی سدرن گیس کمپنی، کے الیکٹرک،ڈائریکٹر پارکس سمیت دیگر سرکاری محکموں کے کرپٹ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے،لیاری خصوصا بہار کالونی،لیاری جنرل اسپتال، مارواڑی محلہ، جھٹ پٹ مارکیٹ، ٹینری روڈ،شاہ لطیف بھٹائی کو سیوریج کے پانی میں ڈبونے والوں کو برطرف کرو۔

حافظ نعیم الرحمن احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ لیاری کراچی کی ماں ہے اب ہم سب مل کر لیاری کو اس کے حقوق دلوائیں گے، جس معاشرے میں حکمران صرف مال جمع کرنے کے لیے اسمبلی میں جاتے ہوں وہاں کوئی پلیٹ میں رکھ کر حقوق نہیں دے گا،لیاری کے عوام خوش نصیب ہیں کہ سید عبدالرشید جیسا رکن اسمبلی ان کی نمائندگی کررہا ہے اوراپنی ماہانہ تنخواہ عوامی مسائل کے حل کے لیے خرچ کررہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اب عوام کو بیدار ہونا ہوگا اورکراچی کو میگا سٹی کا درجہ دلوانا ہوگا،سید عبدالرشید اور لیاری کے عوام کی جدوجہد میں پورا کراچی آپ کیساتھ ہے،اگر ایم پی اے سید عبدالرشید وزیر اعلی ہاس جائیں گے توپورا کراچی ان کے ساتھ جائے گا۔عوام عوامی بجٹ کاحساب لینے کاحق رکھتے ہیں۔سید عبد الرشید نے کہاکہ احتجاجی کیمپ پر امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا خیرمقد م کرتے ہیں، گزشتہ ڈیڑھ سال سے سندھ اسمبلی میں لیاری کے عوام کا مسئلہ پیش کیا اور اس مسئلے پر بات کی، لیاری میں لوکل سروس، سیوریج، صفائی سمیت بے شمار میں مسائل کا سامنا ہے،لیاری میں بلدیاتی حکومت کے نمائندے صرف مال ہڑ پ کرنا جانتے ہیں،لیاری کی گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں، لیاری کو حقوق دو تحریک مسائل کے حل تک جاری رہے گا اور یہ سلسلہ تمام یوسیز میں جاری رہے گا اگر پھر بھی مسئلہ حل نہ ہوئے تو وزیر اعلی ہاس پرتاریخی دھرنا دیا جائے گا اور لیاری کے لاکھوں عوام وزیر اعلی ہاس کے دروازے پر ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم سب مل کر لیاری کو درپیش مسائل سے نجات دلائیں گے اور لیاری کے مستقبل کو روشن کریں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں