خورشید شاہ کی گرفتاری کا اقدام درست نہیں ، کیا وہ ملک سے بھاگ رہے تھے جو ایسا کیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ

خورشید شاہ نیب کے ساتھ دورانِ تحقیقات ہر ممکن تعاون کررہے تھے مگر حکومت نے خورشید شاہ کو گرفتار کرکے انتہائی غلط قدم اٹھایا ہے ، صوبائی وزراء ورہنما پی پی

بدھ 18 ستمبر 2019 23:56

خورشید شاہ کی گرفتاری کا اقدام درست نہیں ، کیا وہ ملک سے بھاگ رہے تھے جو ایسا کیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2019ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ صوبائی وزراء اورپیپلزپارٹی کے مرکزی وصوبائی رہنمائوں نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی سید خورشید شاہ کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا ہے کہ خورشید شاہ کی گرفتاری کا اقدام درست نہیں ، کیا وہ ملک سے بھاگ رہے تھے جو ایسا کیا گیا، خورشید شاہ نیب کے ساتھ دورانِ تحقیقات ہر ممکن تعاون کررہے تھے مگر حکومت نے خورشید شاہ کو گرفتار کرکے انتہائی غلط قدم اٹھایا ہے ایسے وقت میں جب کشمیر کے معاملہ پر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا جارہا تھا خورشید شاہ کو گرفتار کرکے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا گیا ہے سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے سید خورشید شاہ کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پیپلزپارٹی اس گھنانی حرکت کی مزمت کرتی ہے،نیازی دور کی روش ہے کہ عدالتوں میں جرم ثابت ہونے سے پہلے انکوائری کے وقت گرفتار کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہاکہ خورشید شاہ کے تمام اثاثے ڈکلیئرڈ ہیں،پیپلزپارٹی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے،ایسا صرف پیپلزپارٹی کے ساتھ ہی کیوں ہے،پی ٹی آئی کے وزراکے خلاف بھی انکوائریاں جاری ہیں انہیں گرفتار کیوں نہیں کیا جاتا ہے حکومت سیاسی انتقامی کارروائیوں سے باز رہے۔وزیر بلدیات سندھ سیدناصرحسین شاہ نے پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ گرفتاری غیر قانونی ہے صرف الزامات پر گرفتاری کا کوئی جواز نہیں بنتا،پیپلزپارٹی کی قیادت کو صرف انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

صوبائی وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے خورشید شاہ کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لیے انتقامی کارروایوں کا سلسلہ جاری ہے،پیپلز پارٹی کے رہنما اور کارکنان انتقامی گرفتاریوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے صدرصوبائی وزیربلدیات سعید غنی, جنرل سیکریٹری جاوید ناگوری اور کراچی ڈویژن کے تمام عہدیداروں نے پی پی پی کے مرکزی و سینئر رہنما سید خورشید شاہ کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سلیکٹڈ نااہل حکومت ہر شعبہ میں ناکام ہوکر اپنے آپ کو نیب کی بے ساکھیوں کے ذریعے چلانے کی کوشش کررہی ہے وہ یہ جان لیں کہ وہ بہت جلد خود منہ کے بل گریں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں