کراچی کی حیثیت کو مسخ کیا جارہا ہے،وفاقی، صوبائی اور مقامی حکومتیں کراچی میں کچرے کے نام پر سیاست کررہی ہیں،ڈاکٹرسلیم حیدر

ایم کیوایم کے وہ پیدا گیر جو برسوں سے کراچی کو تباہ کرنے کے ذمہ دار ہیں آج بھی وہی مہاجر نام پر جائیدادیں بنارہے ہیں، چیئرمین مہاجراتحاد تحریک

اتوار 22 ستمبر 2019 19:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2019ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کراچی جوکہ میٹروپولیٹن سٹی ہے اور اس کا شمار دنیا کے بڑے صنعتی اور تجارتی شہروں میں ہوتا ہے اس کی حیثیت کو مسخ کرنے کیلئے سازش کے تحت کچرے اور غلاظت سے تعبیر کیا جارہا ہے ۔ وفاقی ،صوبائی اور مقامی حکومتیں کراچی میں کچرے کے نام پر سیاست کررہی ہیں اور پیسہ بنانے میںمصروف ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے آج کراچی میں رہنے والے مہاجر وں کے بنیادی حقوق اور بنیادی مسائل پس پشت چلے گئے ہیں ، نہ تو کراچی کے نوجوانوں کو ملازمتیں مل رہی ہیں نہ ہی کراچی کے مہاجروں کو تعلیم کے مواقعے میسر آسکے ہیں۔ کئی سالوں سے کراچی کی سڑکیں ، تفریحی مقامات کی تعمیروتزئین وآرائش بند کردی گئی ہے اور اس کا بجٹ صوبائی حکومت کے کرپٹ وزراء اور کرپٹ بیوروکریٹس کی جیبوں میں جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سندھ کا 92فیصد ٹیکس دینے والے مہاجر بنیادی سہولیات اور حقوق سے محروم ہیں جبکہ 8فیصد ٹیکس دینے والے سندھی النسل وڈیرے وسائل کو لوٹنے کے علاوہ اکثریتی آبادی پر حکمران بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے اراکین اسمبلی ، وزراء جن کا نہ تو کراچی سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی انہیں کراچی کے مسائل سے کوئی دلچسپی ماسوائے ان کے وہ کراچی کے وسائل کو مال غنیمت کے طورپر لوٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے وہ پیدا گیر جو برسوں سے کراچی کو تباہ کرنے کے ذمہ دار ہیں آج بھی وہی مہاجر نام پر جائیدادیں بنارہے ہیں۔ سابقہ گورنر ڈاکٹر عشرت العباد ، میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر لٹیروں سے کوئی یہ پوچھنے والا نہیں کہ انہوں نے اب تک مہاجروں کو کیا دیا ہے اور مہاجر نام پر ان کی کتنی جائیدادیں بنی ہوئی ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں