کے ایم ڈی سی ڈاکٹر و اساتذہ کو 4ماہ کی تنخواہیں فوراً ادا کی جائیں ،ْحافظ نعیم الرحمن

ڈاکٹروں کو تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے مسلسل اسپتال کی اوپی ڈی بندہے جس کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامناہے صوبائی حکومت مسئلہ حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ،ْکے ایم ڈی سی کے ڈاکٹروں کے جائز مطالبات پورے کیے جائیں

اتوار 22 ستمبر 2019 23:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2019ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میںڈاکٹروں کو 4ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے ، اسپتال میں مریضوں کو شدید تکالیف اور طلبہ کے تدریسی عمل متاثر ہونے پر شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بلدیہ عظمیٰ کے تحت چلنے والا کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج مجرمانہ غفلت کی وجہ سے متعدد مسائل کا شکار ہے ،تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے مستقبل کے مسیحا تیار کرنے والے اساتذہ تدریسی مصروفیات ترک کرکے احتجاج کرنے پر مجبور ہیں ،سندھ حکومت بلدیہ کراچی کے تحت چلنے والے اداروں کا بھی ذمہ دارہے اس کا فرض ہے کہ کے ایم ڈی سی کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے ۔

بلدیہ عظمیٰ کی اعلیٰ انتظامیہ اور افسران کی غیر ذمے داری کی وجہ سے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے ڈاکٹر 4ماہ کی تنخواہوں سے اب تک محروم ہیں، تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے اسپتال کی اوپی ڈی بندہے جس کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامناہے اور کالج میں درس و تدریس کا سلسلہ بھی متاثر ہے ۔

(جاری ہے)

کے ایم ڈی سی بلدیہ عظمیٰ کے تحت چلنے والے ادارہ ہے اسی لیے بلدیاتی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ڈاکٹروں کے جائز مطالبات پورے کیے جائیں اور 4ماہ کی تنخواہیں ادا کی جائیں تاکہ معمول کے مطابق درس و تدریس کا سلسلہ جاری ہوسکے اور اوپی ڈی میں مریضوں کا علاج ممکن بنایا جاسکے اور اس حوالے سے کوئی رکاوٹ ہے تو صوبائی حکومت اسے دور کرے اور ڈاکٹروں کے مسائل حل کرانے میں اپنا کردار اداکرے ۔

جماعت اسلامی نے ہمیشہ سے محروموں ،مظلوموں اور مجبوروں کا ساتھ دیا ہے اور اساتذہ کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے معاملے میں ان کے ساتھ ہیں۔ حکومت اساتذہ سے مذاکرات کر کے مسئلہ حل کرنے کے بجائے مسلسل ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے جس کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہونے کا امکان ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں