شدید گرمی کی پیشن گوئی غلط ثابت ہوگئی، موسلا دھار بارش نے لوگوں کو خوشگوار سرپرائز دے دیا

پیر کی شام کو شہر قائد میں اچانک کالے بادل چھاگئے اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا، بعد ازاں کئی علاقوں میں ابر رحمت برسی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا

muhammad ali محمد علی پیر 23 ستمبر 2019 21:13

شدید گرمی کی پیشن گوئی غلط ثابت ہوگئی، موسلا دھار بارش نے لوگوں کو خوشگوار سرپرائز دے دیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2019ء) شدید گرمی کی پیشن گوئی غلط ثابت ہوگئی، موسلا دھار بارش نے لوگوں کو خوشگوار سرپرائز دے دیا، پیر کی شام کو شہر قائد میں اچانک کالے بادل چھاگئے اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا، بعد ازاں کئی علاقوں میں ابرِ رحمت برسی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کچھ روز قبل محکمہ موسمیات کی جانب سے رواں ہفتے کے دوران شہر قائد کراچی میں ہیٹ ویو آنے کے خدشے کا اظہار کیا گیا تھا۔

محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے بعد گزشتہ روز سے شہر قائد کا موسم معمول سے زیادہ گرم رہا۔ تاہم پیر کی شام کو اچانک موسم بدل گیا اور بارش کی صورت میں شہر کے باسیوں کو خوشگوار سرپرائز ملا۔ پیر کی شامل کو شہر میں اچانک کالے بادل چھاگئے اور تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

شہر کے مختلف علاقوں گلشن اقبال، ناظم آباد، گلستان جوہر، شاہ فیصل کالونی، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، لیاری اور ایم اے جناح روڈ سمیت کئی علاقوں میں ابرِ رحمت برسی۔

معمولی بارش کے بعد حسب روایت شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا اور 170 سے زائد فیڈرز بند ہوگئے۔ کورنگی، اورنگی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نیو کراچی، سرجانی ٹاون، ملیر، شاہ فیصل کالونی، ڈرگ روڈ، اسکیم 33، گلشن معمار، لیاری، کھارادر، اولڈ سٹی ایریا سمیت مختلف علاقوں میں بھی بجلی فراہمی معطل ہوگئی۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے آخر میں کراچی میں مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں