دوسرا سوکا ورلڈ کپ، سلووینیا کے ہاتھوں پاکستان کو 5-1سے شکست

پیر 14 اکتوبر 2019 18:50

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) دوسرے سوکا ورلڈ کپ کے گروپ ’ایچ ‘ میں پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں سلووینیا کے ہاتھوں 5-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پیر کو یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان کے کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم شہاب رضا، کریم کیرائے، محمد علی اور حبیب الرحمن نے دوران میچ گول کرنے کے یقینی مواقع گنوائے۔

یونان کے شہر کریٹ کے دی لیثررلیگز اسٹیڈیم ریدیمنو کی آسٹروٹرف پر گروپ ’ایچ ‘ میں کھیلے گئے میچ میں سلوینیا نے گول کرنے کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جبکہ پاکستان برق رفتار کھیل پیش کرنے کے باوجود یقینی مواقع سے فائدہ نہ اٹھاسکا۔ 6ویں منٹ میں الیکس مالیوجیوک نے سلووینیا کو پہلے برتری دلائی جسے 12ویں منٹ میں جورے کینڈار نے ڈبل کردیا۔

(جاری ہے)

وقفے پر پاکستان کی ٹیم 2-0کے خسارے میں تھی تاہم 23ویں منٹ میں پاکستانی مڈ فیلڈر محمد علی نے میچ کا خوبصورت ترین گول اسکور کیا جب 30گز کی دوری سے زور دار کک کے زریعہ گیند کو جال کے سپرد کرکے اسکور 2-1 کردیا۔ اگلے ہی منٹ اینڈراز سیپک نے اپنی ٹیم کا تیسرا گول اسکورکیا۔ 27ویں منٹ میں نیون گرانے چوتھا جبکہ جورے کینڈار نے انفرادی دوسرا اور مجموعی طور پر پانچواں گول اسکور کرکے سلووینیا کو 1-5 کی کامیابی کے ساتھ میدان سے باہر لائے۔

گروپ ’ایچ ‘ میں دفاعی چمپئن جرمنی کو ہنگری کے ہاتھوں 1-3کی اپ سیٹ شکست کا سامنا رہا۔ بی بوگنر نے مقابلے کے تینوں گول اسکور کرکے ہیٹرک بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ گروپ ’ایچ ‘ میں سلووینیا اور ہنگری کے 3,3پوائنٹس ہیں تاہم سلووینیا کو گول اوسط پر سبقت حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں