پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین، وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو شاندار خراج تحسین

تحریک انصاف کے تمام کارکن متحد و منظم ہو کر ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے سرگرم عمل ہیں، حاجی مظفر علی شجرہ

پیر 14 اکتوبر 2019 19:08

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) سابق وزیر و رکن قومی اسمبلی حاجی مظفر علی شجرہ نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ ملک اور قوم کے مفادات کو مدنظر رکھ کر سیاسی خدمات سر انجام دی ہیں، میرا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے نہ ہی میں نے کبھی ذاتی مفادات کے لئے سیاست میں حصہ لیا، میں نے ہمیشہ ایک محب وطن پاکستانی کی حیثیت سے غریب عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور آئندہ بھی قومی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر کام کرتا رہوں گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی و صوبائی قائدین کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عشائیہ میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل ڈاکٹرابو الحسن، ایڈیشنل سیکریٹری سندھ سید اظہر الحسن قادری، ممبر قومی اسمبلی نجیب ہارون، انصاف یونائیٹڈ لیبر فرنٹ کے چیئر مین ریاض اختر اعوان کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کراچی، حیدر آباد، میرپورخاص، نوابشاہ، سانگھڑ، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، لاڑکانہ، شکارپور، دادو، جیکب آباد، گھوٹکی، خیرپور میرس، خیرپور ناتھن شاہ، عمر کوٹ، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے بڑی تعدا د میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

حاجی مظفر علی شجرہ نے کہا کہ پاکستان بھر میں پی ٹی آئی کے کارکنان وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں متحد و منظم ہیں اور پیارے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل جل کر کام کر رہے ہیں، وزیر اعظم پاکستان نے کشمیر کے مسئلے کو عالمی دنیا کے سامنے بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جس سے 70 سال سے زیر التوا مسئلہ کشمیر کے حل ہونے کی امیدیں پیدا ہو چکی ہیں، اقتصادی طور پر تباہ و برباد ملک کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کی جو کاوشیں وزیر اعظم عمران خان سر انجام دے رہے ہیں پاکستان کے کروڑوں عوا م انہیں شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے یہ مطالبہ کیا وہ پاکستان کی موجودہ حکومت کو جو کہ پانچ سالوں کے لئے منتخب ہوئی ہے کو کمزور مت کریں، یہ حکومت اپنا ٹائم پورا کرے گے اور اپنے شاندار اور مثالی کاموں کی بدولت اگلے الیکشن میں بھی کامیابی حاصل کرے گی، تحریک انصاف کی حکومت کو کمزورسمجھنے والے اپنی غلط فہمیاں دور کرلیں، پاکستان کی عوام انتہائی باشعور ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم اس لئے اکٹھے ہوئے ہیں کہ تحریک انصاف کو سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مضبوط و منظم کیا جائے تاکہ آنے والے الیکشن خواہ وہ بلدیاتی ہوں یا وہ قومی ہوں اس میں تحریک انصاف کو شاندار اور مثالی کامیابی حاصل ہو سکے، تمام پارٹی کارکنان یک زبان و یک جان ہو کر پیار ے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کریں، پیار اپاکستان وزیر اعظم پاکستان کی قیادت میں جلد از جلد ترقی یافتہ قوموں کی صف میں شامل ہو جائے گا۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے تمام کارکنان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا کہ وہ اس عشائیہ میں تشریف لائے اور اپنے خیالات اپنے پارٹی کارکنان کے ساتھ شیئر کئے اور پارٹی کی بہتری کے لئے سیر حاصل گفتگو کی۔ یہ پروقار تقریب رات گئے تک جاری رہی اورانصاف یونائیٹڈ لیبر فرنٹ ایس ایس جی سی ایل کے چیئرمین ریاض اختر اعوان کی اس دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی کہ پاکستان کی طرف اٹھنے والی ہر میلی نگاہ کو نشانہ عبرت بنادیا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں